ملک کی تعمیر وترقی اورقوم کی خوشحالی کیلئے کراچی میں قیام امن ناگزیر ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،

حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی سمیت سندھ میں قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے اپنا کردار ادا کرے، صوبائی مجلس عاملہ سے خطاب

ہفتہ 14 مارچ 2015 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی اورقوم کی خوشحالی کیلئے کراچی میں قیام امن ناگزیر ہے،شہر کی روشنیاں اور رونقیں دوبارہ بحال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ مفاد پرستانہ سیاسی مفاہمتی پالیسیوں سے بالاتر ہوکر جرائم پیشہ افراد کو عدالتی کٹہرے میں لاکر نشان عبرت بنایا جائے۔

جماعت اسلامی عوام کے تحفظ اور شہر کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار اور ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی سمیت سندھ میں قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر تنظیمی امور پر غور کیاگیا۔اس موقع پر صوبائی نائب امراء محمد حسین محنتی،عبدالغفارعمر،پروفیسر نظام الدین میمن اور قیم ممتاز حسین سہتو بھی موجود تھے۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مکمل ثمرات عوام تک پہنچانے میں ناکام ہوئی ہے، جس سے عوام کو سخت مایوسی ہوئی ہے۔

اقتدار کو طول دینے کی طرح حکمران عوام کے سلگتے ہوئے مسائل پر بھی مفاہمت کرکے متفق ہوجائیں تاکہ ایک عام آدمی بھی سکھ کی زندگی گذار سکے۔ دریں اثناء اجلاس میں زراعت پر منظور ہونے والی ایک قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بدحالی کا شکار ہے،کاشتکاروں کو اپنے فصل کی لاگت رقم بھی نہ ملنے کی وجہ سے وہ سخت پریشان ہیں۔

گنے،کپاس،چاول کے بعداب گندم کے کاشتکاروں کو بھی مناسب قیمت نہ دیکر ان کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے۔پہلی مرتبہ یہ ہوا ہے کہ سندھ حکومت کاشتکاروں کی بجائے شوگرملزمالکان کو سبسڈی دے رہی ہے جو کہ افسوس ناک اور قابل مذمت عمل ہے۔قراردادمیں مطالبہ کیاگیا کہ مقررکردہ ریٹ پر گندم خریدی اور خریداری کا کوٹہ بڑھایا جائے۔

متعلقہ عنوان :