حکومت آئی ڈی پیز کی واپسی میں ٹال مٹول سے کام نہ لیں،امیرحیدرخان ہوتی

حالات پوائنٹ آف نو رینٹرن پر جانے سے پہلے اعلانات کے مطابق متاثرین کی بحاظت اور باعزت واپسی کو ہر صورت میں ممکن بنایاجائے ، رضا ربانی کے بطورچیئرمین سینٹ انتخاب اصولی سیاست ،جمہوریت کی جیت ہے ،موجودہ صوبائی حکومت میں فیصلہ سازی کا فقدان ہے ان کی ڈوریں بنی گالہ سے ہلائی جارہی ہے،صدر عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی ایم این اے نے کہاہے کہ حکومت آئی ڈی پیز کی واپسی میں ٹال مٹول سے کام نہ لیں اور حالات پوائنٹ آف نو رینٹرن پر جانے سے پہلے اعلانات کے مطابق متاثرین کی بحاظت اور باعزت واپسی کو ہر صورت میں ممکن بنایاجائے ،رضا ربانی کے بطورچیئرمین سینٹ انتخاب اصولی سیاست اورجمہوریت کی جیت ہے ،موجودہ صوبائی حکومت میں فیصلہ سازی کا فقدان ہے ان کی ڈوریں بنی گالہ سے ہلائی جارہی ہے ، بلدیاتی انتخابات پر غور کے لئے سہ فریقی اتحاد کے صوبائی قائدین 17مارچ کو ملیں گے وہ حجرہ ڈاگ وال منگا ہ مردان میں شمولیتی اجتما ع سے خطاب اور اپنی رہائش گاہ ہوتی ہاوٴس میں اخبارنویسوں سے گفتگو کررہے تھے اجتماع میں پیر عطاء الرحمان ،رحیم شاہ ،یعقوب خان اور احمد دین نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی اوردیگرپارٹیوں سے مستعفی ہوکر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا پارٹی کے صوبائی صدر نے انہیں ٹوپیاں پہنائیں اور مبارک باد دی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ا میرحیدر خان ہوتی نے کہاکہ متاثرین شمالی وزیرستان اپنی واپسی کے حوالے سے شدید بے چینی اور مایوسی کے شکار ہیں حکومت اورپاک فوج اعلانات کے مطابق ان کی واپسی کو ممکن بنائے اوراس سے پہلے کہ متاثرین اپنی جلد واپسی کے لئے دھرنے دیں اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتیں بھی احتجاج کریں اس مسئلے کو جلد ازجلد حل کیاجائے امیرحیدرخان ہوتی نے رضا ربانی کو بلامقابلہ چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ ان کا نام اسفندیارولی خان نے پیش کیا تھا جس کی توثیق آصف علی زرداری اور اپوزیشن جماعتوں نے دی وزیراعظم میاں نوازشریف نے بھی غیر متنازعہ سیاستدان کے بطور چیئرمین سینٹ حمایت کرکے بڑے پن کا مظاہرہ کیااوراس قدام سے جمہوریت اوراصولی سیاست کی جیت ہوئی ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات پر غور کے لئے سہ فریقی اتحاد کے صوبائی قائدین کا اعلیٰ سطحی اجلاس 17مارچ کو سنیٹر خان زادہ خان کی رہائش گاہ پر طلب کرلیاگیاہے جس میں بلدیاتی انتخابات کے لئے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیاجائے گا انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے لئے ان کے دروزاے کھلے ہیں تاہم بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں زمینی حقائق کو دیکھ کر فیصلے ہوں گے امیرحیدرخان ہوتی نے تحریک انصاف کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہاکہ اصولی سیاست کے دعویدار یہ بتائیں کہ سینٹ انتخابات میں ان کے ممبران نے بیلٹ پیپر وزیراعلیٰ کو دے کر ووٹ کا تقدس پائمال نہیں کیا ہے انہوں نے سوال اٹھایاکہ دوسری جماعتوں پر تنقید کرنے والے کپتان قوم کو بتائیں کہ سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین شپ کے لئے ان امیدوارکو کیسے زیادہ ووٹ ملے ہیں کیا یہ دھاندلی نہیں تھی جلسے سے خطاب میں اے این پی کے صوبائی صدر نے صوبائی حکومت کو ناکام ترین حکومت قراردیتے ہوئے کہاکہ ان میں فیصلہ سازی کی قوت نہیں اوران کی ڈوریں بنی گالہ سے ہلائی جارہی ہے پرویز خان خٹک بے اختیار وزیراعلیٰ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز ضائع ہوگئے اور اب صوبہ بھر میں کہیں بھی کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اے این پی کے صوبائی صدر نے کہاکہ ہم اقتدار کی کرسی کے محتاج نہیں پختونوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرانا ہمارا منزل مقصود ہے انہوں نے کہاکہ مسائل کے حل کے لئے پختون قوم کو سرخ جھنڈے تلے اکٹھا ہوناہوگا امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ اے این پی پنجاب کی سیاست نہیں کرتی ہمیں پختونوں کی سیاست پر فخر ہے انہوں نے کہاکہ اے این پی اپنے دوراقتدار میں صوبے کو نام کی شناخت ،این ایف سی ایوارڈ سمیت مرکز سے وہ تمام مراعات لی ہیں جو گذشتہ ساٹھ سالوں میں کسی بھی صوبائی حکومت نے حاصل نہیں کئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے دورمیں9 یونیورسٹیاں ،سینکڑوں سکول ، کالجز،ہسپتال ،پارک اور ون ون ٹوٹو جیسے ادارے قائم کئے گئے ۔امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ مسائل کاحل صرف اے این پی کے پاس ہے اور پختون قوم کو مسائل کے دلدل سے اے این پی ہی نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار اے این پی کی منزل نہیں ہم کرسی کے بغیر پختونوں کی خدمت اپنا فرض اولین سمجھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :