خضدار کے بے روز گار گریجویٹس اور اسکالر شپ سے محروم اسٹوڈنٹس نے تحریک چلانے کا اعلان کردیا

ہفتہ 14 مارچ 2015 18:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء )خضدار کے بے روز گار گریجویٹس اور اسکالر شپ سے محروم اسٹوڈنٹس نے تحریک چلانے کا اعلان کردیا ۔ ناانصافیوں ، میرٹ پر ملازمتیں نہ ملنے کے خلاف اب 23مارچ کے بعد تحریک کا آغاز کیا جائیگا ۔ گزشتہ روز بے روزگار گریجویٹس نوجوانوں نے سیاسی و سماجی رہنماء بشیراحمد حلیمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔

بے روزگار گریجویٹس و اسٹوڈنٹس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر جگہ روز گار کے لئے اپلائی کی لیکن انہیں نہ روزگار مل رہا ہے اور نہ اسکالر شپ ۔مایوسی کے علاوہ انہیں کچھ بھی نہیں ملا۔ ملازمتیں اقرباء پروری اور لالچ کی بنیاد پر فراہم کی جاتی ہیں ۔ لہذا اس سلسلے میں خضدار کے سیاسی رہنماء ہماری رہنمائی کرتے ہوئے ناانصافیوں کے خلاف ہماری احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں ۔

(جاری ہے)

بشیراحمد حلیمی عبدالصمد کرد اور عبدالخالق نے بے روزگار گریجویٹس کو یقین دلایا کہ ملازمتیں نہ ملنے اور خضدار کے عوامی نمائندے کی جانب سے نظرانداز کئے جانے کے خلاف احتجاجی تحریک اور احتجاجی کیمپ کو 23مارچ کے بعد لگا کر نوجوانوں کی ہرصورت میں نمائندگی کی جائیگی اور جب تک نوجوانوں کو حقوق نہیں ملتے اس وقت تک یہ تحریک جاری رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ سینکڑوں بے روز گار نوجوانوں نے رابطہ کیا ہے جو ناانصافیوں کے خلاف احتجاجی تحریک اور احتجاجی کیمپ کا حصہ بننا چاہتے ہیں ۔