Live Updates

سوات سے پی ٹی آئی کے ایم این اے کی جعلسازی اور دھوکہ دہی کے عمل سے پی ٹی آئی کے انصاف اور تبدیلی کے دعوں کی قلعی کھل گئی ہے، امیر مقام

ہفتہ 14 مارچ 2015 16:53

سوات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء ) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سوات سے پی ٹی آئی کے ایم این اے کی جعلسازی اور دھوکہ دہی کے عمل سے پی ٹی آئی کے انصاف اور تبدیلی کے دعوں کی قلعی کھل گئی ہے ہمارا خیال تھاکہ عمران خان انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اپنے ایم این اے کو ڈی سیٹ کرتے لیکن انہوں نے انصاف کی بجائے جعل سازی کے عمل پر سٹینڈ لیتے ہوئے پشاور یونیورسٹی جیسے مقتدر تعلیمی ادارے کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کیلئے باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا ہے ،میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ جعل سازی کی حمایت کرنے کی بجائے ہمارے ان سوالوں کا جواب دیں ،پورن ہاؤس سنگوٹہ سوات میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چہیتے ایم این اے کوجعلی ڈگری دلوانے کی خاطر نہ صرف پشاور یونیورسٹی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا بلکہ تعلیمی نظام پر بھی ڈاکہ ڈالنے کی مذموم کوشش کی ہے ، جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی برابر کے شریک ہیں ،انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایم این اے نے خود کو بچانے کیلئے ہائی کورٹ میں رٹ ڈائر کروائی ہے ،لیکن سوات کے عوام م اب فریق بن کر اس کیس کو لڑیں گے تاکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پشاور یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو روکا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے ایم این اے کی جعل سازی کا دفاع کرنے کی بجائے اس بات کی وضاحت کریں کہ کہ کیا بقایا جات کی عدم ادائیگی کے باوجود الیکشن کمیشن میں داخل کروایا جانے والا حلف نامہ اور اس کے مندرجات ، یونیورسٹی قوائد کے خلاف ایک شخص کیلئے ون مین امتحانی مرکز کا قیام ، ایک ہی دن میں امتحان لینے اور اسی دن اس کے نتائج کا اعلان ، کیا یہ سب درست عمل تھا ،انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بھی دھوکہ دیا ،اور بقیاجات کی ادائیگی کے باوجود الکشن لڑا اور یہی بقایا جات انہوں نے مارچ 2015میں جمع کروائے ، انہوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کروانے والے حلف نامے میں خود کو گریجویٹ ظاہر کرنے کی کوشش کی ، جو سراسر جھوٹ ہے ، لہذا ہماری سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل ہے کہ تاریخ کے اس بدترین تعلیمی سکینڈل کے حوالے سے سوموٹیو ایکشن لیتے ہوئے اس معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کروانے کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرے ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہمارا ہر گز مقصد کسی فرد واحد کے خلاف کاروائی کروانا نہیں بلکہ پورے تعلیمی نظام کی ساکھ کو بچانا ہے ،انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو تعلیم کی ترقی اور ترویج کے اختیارات دیئے گئے تاہم خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر اپنی پارٹی کے ایک ایم این اے کو ڈگری دلوانے کی خاطر یونیورسٹی قوائد کی خلاف ورزی کرواتے ہوئے ایک ہی دن میں ایک شخص کیلئے ون مین امتحانی سینٹر قائم کروایا اور اسی دن ان کو پاس بھی کروا دیا گیا ،انہوں نے کہا کہ کیا یہی وہ تبدیلی ہے جس کا زکر عمران خان اپنے جلسوں اور دھرنوں میں کرتے ہیں ،پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) سوات کے سرکردہ رہنما بھی انجینئر امیر مقام کے ہمراہ موجود تھے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات