جامعہ کراچی میں حلال تجرباتی لیبارٹری نے کام شروع کردیا ہے، ڈاکٹراقبال چوہدری

ہفتہ 14 مارچ 2015 16:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے تحت خصوصی حلال تجرباتی لیبارٹری (Halal Testing Laboratory) نے کام کا آغاز کردیا ہے، ادارے کے تحت غذا، کاسمیٹکس اور ادویاسازی کا سائنسی اعتبار سے حلال و غیرِ حلال ہونے کا تجزیہ کیا جائے گا، یہ تجزیاتی سہولت تجربہ کار اور لائق سائنسدانوں کی زیرِ نگرانی کام کررہی ہے، ایک عرصہ ہوگیا ہے کہ بین الاقوامی مرکز ملک میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو سائنسی جانچ پڑتال کی اعلیٰ سہولیات فراہم کررہا ہے۔

یہ بات انھوں نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی میں سائنسدانوں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

کراچی : ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا اس ادارے کے قیام کامقصد سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو حلال اور غیر حلال کے عنوان سے مصنوعات کی صحت کا تعین کرنے کے لئے سائنسی تجزیاتی سہولت فراہم کرنا ہے، ادارے کی یہ سائنسی تجزیاتی سہولت تجربہ کار اور لائق سائنسدانوں کی زیرِ نگرانی کام کررہی ہے، ان سائنسدانوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بھنگر، ڈاکٹر کامران عظیم، ڈاکٹر غلام مشرف اور ڈاکٹر شکیل احمد بھی شامل ہیں، انھوں نے کہا بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی تعلیمی اور تحقیقی عنوان سے اعلیٰ پشہ ورانہ ماحول کا حامل ہے جہاں پر ملکی و غیر ملکی طلبہ و طالبات کو مختلف کیمیائی و حیاتیاتی علوم میں اعلیٰ تحقیقی تربیت اور اعلیٰ تعلیم (ایم فل اور پی ایچ ڈی) کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، حال ہی میں ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کے تحت ملک میں پہلی مرتبہ سینٹر فار بائیوایکویلینس اسٹڈیز اینڈ کلینکل ریسرچ (سی بی ایس سی آر) (Center for Bioequivalence Studies and Clinical Research) کا قیام عمل میں آیا ہے جو پاکستان میں ادویاتی صنعتوں کو مصنوعات کی سائنسی جانچ پڑتال کی اعلیٰ سہولت فراہم کررہا ہے، اس سرٹیفائیڈ ریفرینس لیبارٹری کی سہولت یورپ، امریکہ اور جاپان کی ریگولیٹری آتھارٹی کے معیار کے مطابق ہے، انھوں نے کہا بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے پیش نظر حلال انڈسٹری میں تحقیقی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مستقبل میں قیادت کے فرائض انجام دے گا، ملک میں یہ واحد تعلیمی و تحقیقی ادارہ ہے جہاں سائنسدان دن رات تجربہ گاہوں میں مصروف رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :