وزیر اعلیٰ پنجاب کا ملالہ یوسفزئی دانش سکول جنڈ میں مالی بے ضابطگیوں، اقرباء پروری اور ریکروٹمنٹ میں میرٹ کی خلاف ورزی کی خبروں کا نوٹس ، سیکرٹری تعلیم کو 5یوم میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم، سکول انتظامیہ اور ڈی سی او اٹک ہاتھ پاوٴں مارنے لگے

ہفتہ 14 مارچ 2015 13:10

چھچھ اٹک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ملالہ یوسفزئی دانش سکول جنڈ میں مالی بے ضابطگیوں، اقرباء پروری اور ریکروٹمنٹ میں میرٹ کی خلاف ورزی کی خبروں کا نوٹس لے لیا، سیکرٹری تعلیم کو 5یوم میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم، سکول انتظامیہ اور ڈی سی او اٹک ہاتھ پاوٴں مارنے لگے ‘ تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسفزئی دانش سکول جنڈ میں عرصہ دراز سے کرپشن عروج پر بتائی جاتی ہے جس کی پاداش اور حقائق کی روشنی میں سابق ایڈمن آفیسر شیر افضل کو تبدیل کر دیا گیا جو مبینہ طور پر پیٹرول کی مد میں ماہانہ 6لاکھ روپے کا غبن کرتے رہے جبکہ ان پر موجودہ پرنسپل کی ملی بھگت سے غیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں، دوسری طرف اقرباء پروری میں فوڈ کنٹریکٹر کو سابق کنٹریکٹر کی نسبت فی طالبعلم 148 روپے روزانہ جبکہ ماہانہ جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں 17فیصد اضافی رقم ادا کی جا رہی ہے، ملالہ یوسفزئی دانش سکول جنڈ میں زیر تعلیم طالبعلموں کیلئے حکومت فی کس 131ادا کرتی ہے جن میں سے سابق کنٹریکٹر سے انتظامیہ 9روپے فی طالبعلم روزانہ کے حساب سے واپس لیتی رہی ، اسی طرح بھرتیوں میں پہلے سے تعینات سٹاف کو مستقل کرنے کی حکمت عملی زیر غور تھی ٹیسٹ میں فیل ہونے والے سٹاف کو تعینات کرنے کا منصوبہ بھی سامنے آیا ہے،اسی طرح مالی کی 24پوسٹوں میں پہلے سے کام کرنے والے افراد کو ہی خلاف ضابطہ بھرتی کرنے کی کوشش جاری ہے، اس کرپشن پر دانش بورڈ آف گورنر کے معزز ممبر ملک شفیع نے ڈی سی او اٹک کو تحریری شکایت بھی کی مگر اسے بھی ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا گیا،ذرائع کے مطابق ان رپورٹس کی اشاعت پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری تعلیم سے 5یوم میں انکوائری رپورٹ طلب کی ہے۔