صولت مرزا کی پھانسی روکنے کے لئے بہن نے عدالت میں در خواست دائر کر دی

جمعہ 13 مارچ 2015 00:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء)کے ای ایس سی کے ایم ڈی شاہد حامد کو قتل کرنے کے الزام میں سزائے موت پانے والے صولت مرزا کی بہن سمیرا وجاہت نے پھانسی روکنے کے لئے درخواست پھر عدالت میں دائر کر دی ہے تاہم عدالتی اسٹاف کا کہنا ہے درخواست گزار سمیرا وجاہت اعتراضات دور نہیں کر سکیں۔ ادھر جو ڈیشل مجسٹریٹ مچھ کو19 مارچ کو صولت مرزا کی پھانسی پر عمل درآمد کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔

درخواست گزار سمیرا وجاہت نے اپنے بھائی صولت مرزا کی پھانسی روکنے کے لئے گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ صولت مرزا کی نظرثانی کی اپیل سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے لہٰذا حتمی فیصلہ آنے تک پھانسی پر عملدرآمد روکا جائے لیکن درخواست کے ساتھ صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ کی نقول نہ ہونے کے باعث درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی گئی تھی تاہم سمیرا وجاہت نے جمعہ کو پھر درخواست دائر کی ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی اسٹاف کا کہنا ہے کہ درخواست گزار سمیرا وجاہت اعتراضات دور نہیں کر سکیں تاہم سمیرا وجاہت کی درخواست داخل کر کے آگے بھیج دی گئی ہے ، اب عدالت کی صوابدید ہے کہ وہ سنے یا نہ سنے۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راشد محمود نے جوڈیشل مجسٹریٹ مچھ کو صولت مرزا کی پھانسی پر عمل درآمد کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ صولت مرزا کی پھانسی 19 مارچ کو جو ڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہوگی جبکہ ملزم کا آخری بیان بھی جوڈیشل مجسٹریٹ مچھ قلمبند کرائیں گے۔