آصف زرداری نے مفاہمتی پالیسی ، دور اندیشی ، تحمل مزاجی اور بردبادی سے ملک کو ہمیشہ سیاسی خلفشار سے بچایا ہے ،سردار ملک اسد سکندر

جمعہ 13 مارچ 2015 23:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر خان نے کہا ہے کہ سابق صدر و شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی مفاہمتی پالیسی ، دور اندیشی ، تحمل مزاجی اور بربادی سے ملک کو ہمیشہ سیاسی خلفشار سے بچایا ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور سینیٹ چیئرمین کیلئے رضا ربانی کا انتخاب ملکی سیاسی تاریخ میں سابق صدر آصف علی زرداری کا اہم کارنامہ ہے اور انہوں نے ہمیشہ قومی اور ملک و عوام کے مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کئے ہیں ۔

رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ پی پی رہنما رضا ربانی کی کارکردگی بہترین اور مثالی ہے اور ان کا سینیٹ چیئرمین کیلئے انتخاب ملک و قوم کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی جماعتوں نے متفق ہوکر جمہوری روایات میں بڑا انقلابی فیصلہ کیا ہے جس سے ملک میں جمہوریت اب اور زیادہ مستحکم ہوگی۔ مفاہمتی سیاست کی روایت جاری رہنی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں جمہوریت کو قائم رکھنے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ ملکی سیاسی تاریخ کا حصہ ہے ان کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث آج پی پی ملک کی سب سے بڑی عوامی جماعت ہے ۔ رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک چٹان ہے جسے جمہوری روایات برقرار رکھنے اور جمہوریت کی مضبوطی اور ملکی سلامتی و بقاء عزیز ہے۔