آئی جی خیبر پختونخوا نے پولیس اہلکاروں کے رینک کی اپ گریڈیشن کیلئے سمری صوبائی حکومت کو ارسال کردی

جمعہ 13 مارچ 2015 21:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء ) انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے صوبائی حکومت کو ایک سمری ارسال کی ہے جسمیں پولیس فورس کے مختلف رینک کے کانسٹیبلان (اہلکاروں) کی آپ گریڈیشن کی درخواست کی ہے۔ سمری میں لکھا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس صوبے میں دہشت گردی کے خلاف فرنٹ فورس کا کردار ادا کر رہی ہے اور اس جنگ میں اب تک فورس کے جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہر سطح پر ان کی اس اظہر من الشمس کردار کو سراہا گیا ہے سمری میں مزید لکھا گیا ہے کہ بے پناہ قربانیوں کے باوجود پولیس دہشت گردوں کے خلاف اسی جوش و جذبے سے بر سرپیکار ہے اور عوام کے وابستہ توقعات پر بھر پور طریقے سے پوری اُتررہی ہے اس لیے ضروری ہے کہ اُن کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔

(جاری ہے)

سمری میں مزید لکھاگیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس فورس میں کانسٹیبلز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ لیکن ان کی آپ گریڈیشن صرف ایک بار 1990 میں کی گئی ہے۔ اُس کے بعد اُن کو مسلسل نظر اندازکیا گیا ہے۔ ان کی بے مثال قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی جی پی نے ان کی پوسٹوں کو آپ گریڈ کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومت کو تجویز پیش کی ہے۔

اس سے اگر ایک طرف اُن کو مراعات میسر ہو کر ان کی کارکردگی میں بہتری آئیگی تو دوسری طرف تعلیمی یافتہ اور بہتر باصلاحیت اُمیدواران فورس میں بھرتی ہونے کو ترجیح دیکر اپنی خداداد صلاحیتوں سے فورس کی کارکردگی کو مزید چار چاند لگائے گی۔ سمری میں آئی جی پی نے کانسٹیبلان کے مجموعی منظور شدہ پوسٹوں کی 10 فیصد پوسٹوں کی آپ گریڈ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

جس کے تحت کانسٹیبل کا بنیادی پے اسکیل 5 سے بڑھاکر7، ہیڈ کانسٹیبل کا بنیادی پے اسکیل 7 سے 9 اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کا بنیادی پے اسکیل 9سے بڑھاکر12 پے سکیل کیا جائیگا۔ کانسٹیبلان کی آپ گریڈیشن سی لسٹ سے سنیارٹی کی بنیاد پر کیجائیگی۔سمری میں توقع کی گئی ہے کہ اس سے اگر ایک طرف کانسٹیبلان میں مراعات نہ ہونے کے حوالے سے پائی جانے والی محرومی دور ہو جائیگی تو دوسری طرف وہ مزید سخت کوشش اپنا کر امن عامہ کے قیام کے لیے تن من دھن کی بازی لگائیں گے۔

متعلقہ عنوان :