عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز سے گرفتار 26 ملزمان کو 25 اور 26 مارچ تک پولیس ریمانڈ میں دیدیا،

مجھے دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایاگیا جس سے میرے گردے متاثر ہوئے ،ملزم عبید کے ٹو ،کہ آپ روزانہ 12 گلاس پانی پیا کریں گردے صحیح ہوجائیں گے،عدالت

جمعہ 13 مارچ 2015 21:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز سے گرفتار 26 ملزمان کو 25 اور 26 مارچ تک پولیس ریمانڈ میں دیدیارینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے غیر قانونی اسلحہ اور بارودی مواد کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، ملزمان میں فیصل محمود عرف موٹا، فرحان شبیر عرف ملا، نادر شاہ، عامر سلیم، امتیاز حسین، ندیم، تعظیم رضا، عبدالقادر، عامر، محمد احمد، شکیل، تعظیم، محمود حسین ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایم سی، عبید کے ٹو، ساجد، محمد نعمان، آصف، عبدالحسیب، زبیر، محمد نعیم، فیضان، ممتاز انصاری، وجیہہ الرحمان اور سید رضوان کو پیش کیا، ملزمان کو عدالت میں لانے کے بعد عدالت نے کہاکہ جب تک ملزمان سے برآمدگی کی چیزیں نہیں دکھائی جائیں گی ریمانڈ نہیں دیا جائے گا، جس پر تفتیشی افسران نے ایم کیو ایم کے مرکز سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور بارودی مواد عدالت میں پیش کیا، دوران سماعت ملزم عبید عرف کے ٹونے کہاکہ اس کو حراست کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس سے میرے گردے متاثر ہوئے ہیں لہٰذا مجھے اسپتال منتقل کیا جائے، عدالت نے جواب دیا کہ آپ روزانہ 12 گلاس پانی پیا کریں گردے صحیح ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

ملزم زبیر نے عدالت کو بتایا کہ وہ نائن زیرو پر مالی کا کام کرتا ہے اور اس کو بھی رینجرز نے گرفتار کرلیا ہے، جس پر عدالت نے کہاآپ بتائیں کے فیومیگیشن کیسے ہوتی ہے، جس پر ملزم نے جواب انکار میں دیا، جس پر عدالت نے کہا کہ اندازہ ہوگیا کہ آپ کہاں پر مالی کا کام کرتے تھے۔ جب کہ فیضان نے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر کام کرتا ہے، دوران سماعت ایم کیو ایم کے وکلا نے کہا کہ تفتیشی آفیسر کی جانب سے جو برآمدگی دکھائی جارہی ہے، وہ غلط ہے، سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے وکلانے کہاکہ ہم نے عدالت سے کہا کہ تمام افراد کو پولیس کے حوالے کیا جائے لیکن رینجزر ان کو لے گئی ہے جبکہ لگائے گئے تمام الزامات بے بنیادہیں اسلحہ لائسنس یافتہ تھا ملزمان کی پیشی کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔