سراج الحق نے ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کر دیا

جمعہ 13 مارچ 2015 20:57

سراج الحق نے ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کر دیا

ٹیکسلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ایک بار پھر متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت بتائے کہ نائن زیرو پر اتنی بڑی تعداد میں اسلحہ کیسے پہنچا؟۔ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹرز میں اتنی بڑی تعداد میں اسلحہ کیسے آیا اور کسی نے اس کا نوٹس کیوں نہیں لیا؟َ۔

سندھ حکومت کی ناک کے نیچے سب کچھ ہوتا رہا اور وہ تماشائی بنی رہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں سختی ہو گئی، سندھ میں کیوں نہیں ہوئی، ایم کیو ایم پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ (ن) لیگ اور پی پی نے باریاں لگا رکھی ہیں۔ عوام کی حکومت نہ جانے کب آئے گی۔ ملک میں اس وقت ظلم کی حکومت ہے انصاف کی نہیں ہے۔ اس آئین کو نہیں مانتے جس میں عوام کا حصہ نہیں ہے۔ سراج الحق نے تجویز دی کہ نواز شریف اور زرداری مل کر ایک پارٹی بنا لیں۔ عوام اقتدار پر قابض چند خاندانوں کو نکال باہر کریں۔ اب انتخابات کے دوران عوام سانپوں کو دودھ پلانا بند کر دیں۔ اسلامی حکومت آئے گی تو عوام کو لوٹنے والے اڈیالہ جیل میں ہوں گے۔