پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گھی اور کوکنگ آئل کی نئے مقرر کردہ نرخوں پردستیابی کو یقینی بنائیں‘ ڈاکٹر فرخ جاوید

جمعہ 13 مارچ 2015 16:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ عوام کے مفادکا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے،صوبے کے 1250سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گھی اور کوکنگ آئل کی نئے مقرر کردہ نرخوں پردستیابی کو یقینی بنائیں ،گھی اور تیل کی پیداواری لاگت اور عالمی منڈیوں میں پالم آئل کی قیمتوں میں 18سے 20فیصد کمی آئی ہے جس کا فائدہ صارفین کو ملنا چاہیے،حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو اختیارات دیے ہیں کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے مجرمان کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں گھی اور ویجیٹیبل آئل کی مارکیٹ میں نئی قیمتوں پر دستیابی کے حوالے سے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر فرخ جاوید نے محکمے کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے زریعے پنجاب بھر میں نئی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورریاست و عوام کے مفادات کے خلاف جانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ گھی اور تیل کی پیداواری لاگت اور عالمی منڈیوں میں پالم آئل کی قیمتوں میں مرحلہ وار کمی کا فائدہ صارفین کو ملنا چاہیے۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ اوورچارجنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف ملے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کے مفادات کے تحفظ اور انہیں ریلیف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس تمام عمل کی بذات خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور کسی سطح پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پالم آئل، پٹرولیم مصنوعات اور دیگر خام مال کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود مل مالکان عوام کو ریلیف دینے کیلئے رضامند نہیں تو انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔