وزیر اعظم سے مسلم لیگ (ف) کے وفد کی ملاقات ‘ملک کی مجموعی سیاسی‘ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعہ 13 مارچ 2015 16:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف سے مسلم لیگ (ف) کے وفد نے پیر صبغت اللہ شاہ راشدی اور وفاقی وزیر پیر صدر الدین شاہ راشدی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی‘ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ف) کے دونوں رہنماؤں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران سینٹ کے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے بعض ارکان سندھ کے بعض ارکان کے مسلم لیگ (ف) کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے پر بات چیت کی اور وزیر اعظم کو تجویز دی کہ وہ مسلم لیگ (ن) سندھ کو مضبوط بنانے کیلئے ذاتی دلچسپی لیں اور جن ارکان نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے ان سے باز پرس کی جائے جس پر وزیر اعظم نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ مسلم لیگ (ن) سندھ کی قیادت سے جلد رابطہ کر کے اس صورتحال پر بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت ملک میں اتفاق رائے کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے اور تمام اہم قومی فیصلوں میں اپوزیشن سے مشاورت کی جاتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت تمام تر فیصلے ملکی مفاد میں کر رہی ہے ‘ جمہوریت کا تسلسل جاری رہنا ملکی مفاد میں ہے ۔ مسلم لیگ (ف) کے رہنماؤں نے سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی بہتری کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن کی مستقل بحالی کیلئے حکومت جو اقدامات اٹھا رہی ہے ان کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :