سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی قائمقام صدر چیئرمین سینٹ رضا ربانی سے ملاقات ‘چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی

جمعہ 13 مارچ 2015 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے قائمقام صدر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی سے ملاقات کی اور انہیں بلا مقابلہ چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور قومی اسمبلی اور سینٹ کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور تمام امور پر مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینٹ کے چیمبر میں قائمقام صدر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی سے ملاقات کی اور انہیں بلا مقابلہ سینٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

سپیکر نے کہا کہ میاں رضا ربانی کا بطور چیئرمین منتخب ہونا پارلیمنٹ اور جمہوریت کے لئے خوش آئند ہے اور سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے انہیں چیئرمین منتخب کیا ہے۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کی بالادستی اور 1973 کے آئین کی بحالی میں میاں رضا ربانی نے اہم کردار ادا کیا اور 18ویں ترمیم کی سابق دور حکومت میں منظوری اور تیاری میں ان کا مرکزی کردار تھا۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ وہ چیئرمین کے طور پر غیر جانبدارانہ طریقے سے ایوان کو چلائیں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا ہے۔ اس موقع پر سینٹ اور قومی اسمبلی کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور تمام امور پر مشاورت سے فیصلے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دریں اثناء قائمقام صدر سے خیبرپختونخوا کے سابق گورنر شوکت الله ‘ بی این پی عوامی کے سربراہ میر اسرار الله زہری‘ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سابق چیئرمین انور بیگ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے جمعہ کو ملاقاتیں کیں اور انہیں چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔