پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ‘کسی بھی قسم کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کی جائیگی‘ حکومت کے سال میں اقلیتی برادری کے 12مذہبی تہوار سرکاری طورپر منانے سے پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملتاہے ‘امیدہے ہندؤ برادری اسی جذبے اور لگن سے بلاخوف و خطر ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گی

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف کا نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں منعقدہ ہولی کی تقریب سے خطاب

جمعہ 13 مارچ 2015 14:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور کسی بھی قسم کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ، حکومت سال میں اقلیتی برادری کے بارہ مذہبی تہوار سرکاری طورپر مناتی ہے جس سے پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملتاہے اور کہاامیدہے کہ ہندؤ برادری اسی جذبے اور لگن سے بلاخوف و خطر ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گی۔

وہ یہاں ہندؤوں کے مقدس تہوار ”ہولی“ کے موقع پر پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں منعقدہ تقریب میں بطورمہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ہندؤ کمیونٹی کے علاوہ دیگر مذاہب سے متعلقہ اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور حکومت اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دارہے اور یہ ذمہ داری بخوبی ادا کررہی ہے ، اسلام امن کا مذہب ہے جوبھائی چارے، تحمل اور برداشت کا درس دیتاہے ،پاکستانی معاشرے میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے اور یہ بھائی چارے کی فضاء عوام الناس کی سطح پر بھی بخوبی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو اپنے مذہب کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل آزادی حاصل ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں اور کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ، حکومت سرکاری طورپر ہر سال اقلیتی برادری کے12مذہبی تہوار سرکاری سطح پر مناتی ہے جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک و قوم کے لیے ہندؤ برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور امید ہے کہ وہ اسی لگن اور جذبہ سے پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے ۔انہوں نے ہولی کے تہوار پر پاکستان میں مقیم ہندؤ برادری کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :