21ویں آئینی ترامیم کے تحت رینجرز کو کارروائی کی اجازت دی گئی، انتظامی معاملات پر رینجرز کو مکمل اختیارات حاصل ہیں،ایم کیو ایم کا معاملہ عدالت میں ہے،کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا،ایم کیو ایم سے صرف سیاسی مفاہمت ہے،وقاص شاہ کے قتل پر انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی ہے،کراچی سے دہشت گرد تنظیموں کا مکمل خاتمہ کریں گے

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 مارچ 2015 14:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ 21ویں آئینی ترامیم کے تحت رینجرز کو کارروائی کی اجازت دی گئی، انتظامی معاملات پر رینجرز کو مکمل اختیارات حاصل ہیں،ایم کیو ایم کا معاملہ عدالت میں ہے،کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا،ایم کیو ایم سے صرف سیاسی مفاہمت ہے،وقاص شاہ کے قتل پر انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی ہے،کراچی سے دہشت گرد تنظیموں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

وہ جمعہ کو پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت سے ہی کراچی میں آپریشن شروع کیا گیا،متحدہ قومی موومنٹ نے بھی یہی مشورہ دیا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے، آپریشن کی وجہ سے بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی ہوئی ہے، کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو پولیس کوکراچی میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے فری ہینڈ دے دیا گیا۔وزیراعظم نوا ز شریف کی ہدایت پر 21ویں ترمیم کے تحت پولیس اور رینجرزکو کہیں بھی کارروائی کرنے کی پوری آزادی دی گئی۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے نائن زیرو کے گرفتارہونے والے ملزمان کا عدالت سے ریمانڈ لے لیاہے ،معاملہ عدالت میں ہے، اس لیے تبصرہ کرنا مناسب نہیں، وقاص شاہ کے قتل پر انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی،ان کی ہلاکت بارے تحقیقات کریں گے، پولیس بھی نائن زیرو واقعہ کی تحقیقات کرے گی۔