Live Updates

جوڈیشل کمیشن قائم نہ ہونے سے جمہوریت کی بس ہچکولے کھا رہی ہے‘ سیاسی جرگہ مفاہمت سے مسئلہ حل کرانا چاہتا ہے‘ حکومت نے تحریک انصاف پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ پورا نہیں کیا‘ دونوں جماعتوں میں مذاکرات میں ڈیڈ لائن ختم کرنے کیلئے سیاسی جرگہ نے مسودہ تیار کیا ہے‘عمل کیا جائے تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے

رحمن ملک کی رہائش گاہ پرسیاسی جرگے کے اراکین سراج الحق‘رحمان ملک‘ حاجی عدیل اور جی جی جمال کی بات چیت

جمعہ 13 مارچ 2015 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی جرگے کے اراکین نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن قائم نہ ہونے کی وجہ سے جمہوریت کی بس ہچکولے کھا رہی ہے، سیاسی جرگہ مفاہمت سے مسئلہ حل کرانا چاہتا ہے، حکومت نے تحریک انصاف پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ پورا نہیں کیا، دونوں جماعتوں میں مذاکرات میں ڈیڈ لائن ختم کرنے کیلئے سیاسی جرگہ میں ایک مسودہ تیار کیا ہے،جس پر عمل کیا جائے تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

جمعہ کو سینیٹر رحمان ملک کی رہائش گاہ پر سیاسی جرگے کا اجلاس ہوا، جس میں سراج الحق ،رحمان ملک، حاجی عدیل اور جی جی جمال نے شرکت کی جبکہ مسلم لیگ(ن) کی نو منتخب سینیٹر کلثوم پروین، حکومتی نمائندہ ہونے پر اپوزیشن کے سیاسی جرگے میں شریک نہ ہوئیں، اجلاس کے بعد سیاسی جرگے کے رکن سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عام آدمی کا مسئلہ دال،آٹا، چاول، روٹی ہے، جن کو حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا، جمہوریت کی بس ہچکولے کھا رہی ہے، سیاسی جرگہ مفاہمت سے مسئلہ حل کروانا چاہتا ہے، جوڈیشل کمیشن نہ بننے سے جمہوریت کی گاڑی نہیں چل پا رہی، حکومت نے پی ٹی آئی کا جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ پورا نہیں کیا، کوشش ہے کہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ جرگے نے بڑی کوششوں کے بعد مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے خاتمے کیلئے ایک مسودہ تیار کیا ہے، دونوں جماعتوں کو ڈیڈ لائن ختم کرنے کیلئے بہترین طریقہ دیا ہے، حکومت اور تحریک انصاف کو مسودے کی کاپیاں بھیجی ہیں، اگر دونوں طرف سے اس مسودے پر عمل کیا جائے تو مسئلے کا حل نکل سکتا ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات