مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان میں مکمل جمہوریت رائج ہے سب کو اپنی رائے کی آزادی ہے،رانا محمد شفیق خاں پسروری

جمعرات 12 مارچ 2015 22:55

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) نائب ناظم اعلیٰ پاکستان مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان رانا محمد شفیق خاں پسروری نے کہا ہے کہ پروفیسر ساجد میر کی جماعت کے لئے گرانقدر خدمات ہیں ان کی کارکردگی سے پوری جماعت اور ارکان شوریٰ پوری طرح مطمئن ہیں ان کی جماعت کیلئے بے پناہ قربانیاں ہیں، پروفیسر سینیٹر ساجد میر نے مشکل ترین حالات میں جماعت کی قیادت سنبھالی اور اپنی بہترین صلاحیت، سیاسی بصیرت اور خلوص نیت سے مختلف گروپوں میں تقسیم جماعتی ساتھیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، رانا محمد شفیق خاں پسروری نے آن لائن کو بتایا کہ وہ کسی عہدے کے امیدوار نہیں ہیں، مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان میں مکمل جمہوریت رائج ہے سب کو اپنی رائے کی آزادی ہے، انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان اپنے دستور کے مطابق مقررہ وقت پر الیکشن کرواتی ہے، پورے پاکستان میں یو سی سطح سے لے کر مرکزی سطح تک الیکشن کروائے گئے ہیں انہوں نے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ میاں نواز شریف کی سیاسی بصیرت قابل تحسین ہیں، امید ہے پاکستان میں امن قائم ہو گا اور ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :