وزیراعلیٰ پنجاب سے افغانستان کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال،

پاکستان اور افغانستان کی قیادتوں کے باہمی دوروں سے دونوں ممالک میں تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہواہے،دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و معاشی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،شہبازشریف، افغان سفیر کی لاہور میں افغان قونصلیٹ کے قیام کی تجویز ،وزیراعلیٰ شہبازشریف کا تجویز کا خیر مقدم

جمعرات 12 مارچ 2015 22:31

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر جاناں موسیٰ زئی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک افغان تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی ،مذہبی اور ثقافتی رشتے قائم ہیں-پاکستان اور افغانستان کی قیادتوں او رسینئر حکام کے باہمی دوروں کے نتیجے میں پاک افغان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہواہے- لاہور میں افغان قونصلیٹ جنرل کے قیام کی تجویز خوش آئند ہے-انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کی موجودہ قیادت قیام امن کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی حکومت اورعوام نے دہشت گردی کو جڑسے ا کھاڑ نے کا عزم کیاہواہے-وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں بہتری آئی ہے تاہم دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و معاشی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان میں افغانستان کے سفیر جاناں موسیٰ زئی نے کہاکہ افغانستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے-انہوں نے لاہور میں افغان قونصلیٹ قائم کرنے کی تجویزدی جس کا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خیر مقدم کیا