بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کا جو فیصلہ حکومت نے کیا اس پر سو فیصد عمل در آمد کروایا جا رہا ہے،ڈی سی او اوکاڑہ،

تاجروں کی جانب سے حکومتی فیصلے پر عمل در آمد کو ہر سطح پر سراہا جائے گا تاہم ناجائز منافع خوروں اور مقررہ نرخ سے زائد گھی اور کوکنگ آئل بیچنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، قیصر سلیم

جمعرات 12 مارچ 2015 22:17

اوکاڑہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء)ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن آفیسر قیصر سلیم نے کہا ہے کہ بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کا جو فیصلہ حکومت نے کیا اس پر سو فیصد عمل در آمد کروایا جا رہا ہے تاجروں کی جانب سے حکومتی فیصلے پر عمل در آمد کو ہر سطح پر سراہا جائے گا تاہم ناجائز منافع خوروں اور مقررہ نرخ سے زائد گھی اور کوکنگ آئل بیچنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹروں کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اے ڈی سی شیخ فرید احمد،ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیروات،اے سی طاہر امین،ڈی او انٹر پرائزز خالد بھٹی ،صدر انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قیصر سلیم نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کا براہ راست فائدہ عوام کو ہر صورت ملنا چاہیے عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی طبقہ کا استحصالی ایجنڈا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے تاجر ہمارے بھائی ہیں جائز منافع ان کا حق ہے لیکن بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیائے خور دو نوش کی جو قیمتیں مقرر کی گئی ہیں ان پر ہر صورت عمل در آمد کے لئے تعاون کریں ۔

انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدائیت کی کہ وہ ضلع کے تمام شہروں قصبات اور دیہاتوں کی سطح پر بھی مقررہ قیمتوں پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور تاجروں کے باہمی اشتراک سے بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کے خصوصی سٹال لگائے جائیں تاکہ عام صارفین کو مقرری نرخوں پر بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل دستیاب ہو سکے انوہں نے ہدائیت کی کہ تمام متعلقہ سرکاری افسران ضلع میں بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے میکانزم پر نظر رکھیں ضلع کے کسی حصہ میں بھی بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کی قلت نہیں ہو نی چاہیے اور یہ عوام کو مقررہ نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہونا چاہیے ۔

صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق نے بناسپتی گھی کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے پر عمل در آمد کے سلسلہ میں اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں بناسپتی گھی اور کو کنگ آئل کے ریٹ چیک کرنے کے سلسلہ میں 151مارکیٹ چیک کی گئیں جہاں پر 47تاجر خلاف قرزی کے مرتکب پائے گئے جنہیں 41000جرمانہ کیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 9دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے