سی ڈی اے کا گرین اسلام آباد مہم کے تحت شروع ہونے والی موسم بہار کی شجر کاری 2015ء کو شہداء پشاور نے نام سے منسوب کرنے کا اعلان

جمعرات 12 مارچ 2015 22:10

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) سی ڈی اے نے گرین اسلام آباد مہم کے تحت شروع ہونے والی موسم بہار کی شجر کاری 2015ء کو شہداء پشاور نے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ اس بات کا اعلان چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے اسلام آباد کے سیکٹر D-12میں موسم بہار کی شجر کاری مہم 2015ء کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر کیا۔ تقریب میں ممبر انوائرمنٹ سید مصطفین کا ظمی ، سی ڈی اے کے سینئر افسران و ملازمین کے علاوہ سینئر سٹیزنز ، سیکٹر سٹیزن کمیٹیوں کے نمائندوں ، اسلام آباد چیمبر آف جمرس اینڈ انڈسٹریز ، تاجر نمائندوں، اسلام آباد ھارٹیکچر سوسائیٹی، نیشنل ہارٹیکلچر سول سوسائیٹی، سکولوں اور کالجوں کی طلبا ء کی کثیر تعداد کے علاوہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے برپور شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپنر ثقلین مشتاق ،نامور فنکار ہ کنول نصیر اور لیلی زبیری اور ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی ڈاکٹر خورشید نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔سی ڈی اے نے اس تقریب کا اہتمام سرینہ ہوٹل اور اینگرو فوڈز سے کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہاکہ درخت لگانا ہمارا قومی فریضہ ہے لیکن اس سے زیادہ اہم کام ان کی دیکھ بھال ہے تاکہ یہ مکمل طریقے سے نشونما پا کر شہر کی خوبصورتی میں اضا فے کا باعث بنیں۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ شہر کے تمام سکولوں کواسلام آباد میں جگہ فراہم کی جائے گی جہاں پراس سکول کے طلباء پودے لگا سکیں اور ہر لگائے جانے والے پودے کو کسی خاندان یا طالب علم کے نام سے منسوب کیا جائے گا تاکہ لوگ با قاعدگی سے ان جگہوں کو کا دورہ کریں اورپودوں کی حفاظت کو یقینی بنا یا جا سکے۔ انہوں نے کہا ملک میں تیزی سے کم ہوتے ہوئے جنگلات کے باعث درختوں کی افادیت اور اہمیت میں اور اضافہ ہو گیا ہے لہذا س قوم کے مسقبل کے معماروں کو درختوں کے متعلق آگاہی اور ان سے اپنایت کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے سی ڈی اے نے قومی شجر کاری مہم میں طلبا ء کی شرکت کو یقینی بنا یا ہے۔

ا نہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں بھرپور شجر کاری کرکے اسے دنیا کا سر سبز و شاداب شہر بنایا جا سکتا ہے۔ جس کے لئے اسلام آباد کے تمام شہریوں بالخصوص بچوں کو آگے آنا ہو گا۔ انہوں نے کہا سی ڈی اے نے اسلام آباد میں شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے شہریوں کو مفت پودے دینے کے لئے دس مختلف جگہوں پر پوائنٹس قائم کئے ہیں جہان پر لوگوں کو نا صرف مفت پودے فراہم کئے جائے رہے ہیں بلکہ ان کو لگانے کے طریقے اور دیکھ بھال سے متعلق مواد بھی ان پوئینٹس پر مہیا کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد کو سر سبز و شاداب رکھنا سی ڈی اے اور شہریوں کے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے اورتمام طبقات کو مل کر ان پودوں کی دیکھ بھال بھی کرنا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ رواں موسم بہار کی شجر کاری کے دوران پھلدار اور آرائشی پودے لگانے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اہم شاہراؤں ، پارکوں اور سروس روڈز کو خوبصورت پودوں اوررنگارنگ پھولوں سے مزئین کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ اسلام آباد میں رواں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران ایسے پودے لگانے کو ترجیح دی جائے جو اسلا م آباد کے موسم سے مطابقت رکھتے ہوں جبکہ لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال سائنٹیفک انداز میں کی جائے تاکہ لگائے جانے والے پودوں کی افزائش کی شرح اوسط کو مزید بڑھایا جا سکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ پودا لگانا اہم ہے تاہم لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال زیادہ اہمیت کی حامل ہے تاکہ موسم بہار کی شجر کاری مہم میں لگائے جانے والے پانچ لاکھ پودے پوری افزائش پا سکیں۔

انہوں نے شجر کاری مہم میں بچوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے یہ معمار ان پودوں کی افزائش کے بھی ذمہ دار ہیں کیونکہ ان بچوں نے ہی ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ہریالی اس بات کی عکاس ہے کہ سی ڈی اے اور اسلام آباد کے شہریوں نے مسلسل محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ اس شہر میں نہ صرف پودے لگائے بلکہ ان کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی کی۔

انہوں نے کہاکہ آج کی شجر کاری مہم میں اسلام آباد کے شہریوں،مارکیٹوں کے نمائندوں، سیاسی اور سماجی افراد کے علاوہ سی ڈی اے کے افسران اورملازمین نے جس طرح جوش وخروش سے حصہ لیا ہے اس سے اس شہر کی شادابی میں مزید اضافہ اور خوشگوار ماحول مہیا ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لگائے جانے والے پودوں کی نشوونما اور دیکھ بھال کے باعث پودوں کے پروان چڑھنے کی شرح کو مزید بڑھایا جائے۔

اس موقع پرممبر انوائرنمنٹ سید مصطفین کاظمی نے بتایا کہ سی ڈی اے کو اس سال موسم بہار کی شجر کاری مہم میں تین لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے تاہم سی ڈی اے دیگر شعبوں کے اشتراک سے پانچ لاکھ پودے لگائے گاجو اسلام آباد کے مختلف رہائشی سیکٹروں کے علاوہ دیگر علاقوں میں لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں موسم بہار کی شجرکاری مہم2015ء کے دوران نمایاں جگہوں پر مفت پودوں کی تقسیم کے لئے 10پوائنٹس قائم کئے ہیں۔

یہ پوائنٹس لگانے کا مقصد اسلام آباد کے شہریوں کو بلا معاوضہ پودے فراہم کر کے موسم بہار کی شجر کاری مہم میں اُن کی عملی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔اس سلسلے میں سی ڈی اے نے ایک مربوط آگاہی مہم کا بھی آغاز کیا ہے جس کے تحت اسلام آبادکو مزید خوبصورت بنانے کے لئے شجر کاری اور پودوں کی اہمیت سے متعلق بینرز، سٹیمرز اور دیگر مواد شہر بھر میں آویزاں کیا گیا ہے ۔

ہیں جہاں مفت پودوں کے علاوہ پودوں کی افزائش اور اقسام سے متعلق معلوماتی لٹریچر بھی دستیاب ہے۔ اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ و ہ اسلام آباد میں قائم کئے گئے پوائنٹس پر مفت پودوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کی موسم بہار کی شجرکاری مہم2015ء میں بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر پودوں اور پھولوں سے متلعق اشیاء اور آلات کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔ چےئر مین سی ڈی اے نے سٹالوں کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کی جانب سے ما حول کی بہتری کے لئے کی جانے والی کو ششوں کو سراہا۔