ایوان بالا سے ایوان بالا کا ہی کام لیا جائے نہ کہ بالابالا کام کئے جائیں،رحمان ملک،

سب سے پہلے میں رضا ربانی کو چےئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اچھی بات یہ ہے کہ حکومت واپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے آیا ،آصف زرداری بھی مبارکباد کے مستحق ہیں،کسی بھی مجرم کے خلاف کارروائی ہرصورت ہونی چاہئے،تاہم اس کا طریقہ کار قانون کے دائرے میں رہ کر درست ہونا چاہئے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 مارچ 2015 19:34

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ ونومنتخب سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ سب سے پہلے میں رضا ربانی کو چےئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اچھی بات یہ ہے کہ حکومت واپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے آیا، پیپلزپارٹی کے کو چےئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری بھی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ جس طرح بردباری اور قابلیت کے ساتھ وہ سیاست کر رہے ہیں وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

سینیٹ میں چےئرمین وڈپٹی چےئرمین کے انتخاب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح الیکشن ہوتے رہے تو جمہوریت کیلئے یہ ایک خوبصورت عمل ہے اور ایسے عمل سے ملک کی قیادت اہل لوگوں تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے آج سینیٹ کے فلور پر بھی یہ کہا ہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے سینیٹ کو ووٹ کا حق کیوں نہیں ہے ،لہٰذا ایوان بالا سے ایوان بالا کا ہی کام لیا جائے نہ کہ بالابالا کام کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میرا چےئرمین سینیٹ کا نام میڈیا والوں نے چلایا تھا،میں نے تو اس وقت بھی کہا تھا کہ رضا ربانی اور اعتزاز احسن مجھ سے بہت بہتر امیدوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور میری ذاتی کوششوں سے ہی ایم کیو ایم نے مولانا غفور حیدری کو ڈپٹی چےئرمین سینیٹ کا ووٹ دیا ہے۔نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا مؤقف یہ ہے کہ کسی بھی مجرم کے خلاف کارروائی ہرصورت ہونی چاہئے،تاہم اس کا طریقہ کار قانون کے دائرے میں رہ کر درست ہونا چاہئے اور جو بے گناہ مارا گیا اس کی بھی تفتیش کی جانی چاہئے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس کسی بھی صورت پامال نہیں کیا جانا چاہئے اور دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرکے پاکستان کو پرامن ملک بنایا جانا چاہئے ۔۔