ماسٹر پلان کی 2030ء تک کی پلاننگ ضروری ہے ،شہر کو موجودہ مسائل سے باآسانی نکالا جاسکے،ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی

جمعرات 12 مارچ 2015 17:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل منظور قادر نے کراچی ماسٹر پلان کو اپ ڈیٹ کئے جانے کے حوانے سے کراچی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ماسٹر پلان 2007ء میں منظور کیا گیا تھا جس میں 2020ء تک کی کراچی شہر کی پلاننگ کی گئی ہے ۔ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم ماسٹر پلان کی 2030ء تک کی پلاننگ کریں تاکہ شہر کو موجودہ مسائل سے باآسانی نکالا جاسکے ۔

اس حوالے سے کراچی ماسٹر پلان کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے فزیکل سروے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اس شہر میں حائل مسائل کی نشاندہی ہو سکے ۔ اس موقع پر انھوں نے ایس بی سی اے کے 18ٹاؤنز سیکشنز کے ڈائریکٹر ز کو ہدایت دی کہ کراچی ماسٹر پلان کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے فزیکل سروے کا کام انتہائی محنت ، دیانت اور ذمہ داری و جانفشانی سے ادا کیا جائے اور 30دن کے اندر اس کام کو مکمل کیا جائے اور تمام اُمور میں کراچی شہر کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی ترجیحات کو مقدم رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سروے فارم آپ کو دیا گیا ہے جس میں قطعہ اراضی کی تفصیلات ، محل و وقوع اور اہل خانہ کی تعداد بھی شمار کی جائیگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کراچی کے بعد حیدرآباد، میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی ماسٹر پلان کی اشد ضرورت ہے جس پر جلد کام کیا جائے گا ۔ اجلاس میں ایس بی سی اے کے سینئر ڈائریکٹرز اور تمام ٹاؤنز ڈائریکٹرز شریک ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :