رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے برآمدہونے والا اسلحہ پولیس کے حوالے کر دیا

جمعرات 12 مارچ 2015 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) پاکستان رینجرزسندھ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے مرکز نائن زیرو سے برآمدہونے والا اسلحہ پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلحے میں 5 جی تھری رائفلیں ، 23 شارٹ مشین گنیں اور لائٹ مشین گن ،25ٹرپل ٹو رائفلیں ، 6سائلنسر ،5 ٹیلی سکوپ ، 36 واکی ٹاکی اور دو بلٹ پروف جیکٹس شامل ہیں جنہیں پولیس کے حوالے کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ نائن زیرو سے 26 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ۔ تمام ملزمان کی جے آئی ٹی سے تحقیقات کرائی جائے گی ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم 50 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ 27 افراد پہلے سے ہی مختلف مقدمات میں نامزد ہیں ۔ تمام ملزموں کو خورشید بیگم سیکریٹریٹ اور ارد گرد کے گھروں سے حراست میں لیا گیاتھا۔ دوسری جانب نائن زیرو کی پولیس سیکورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے ، نائن زیرو کے اطراف میں 13 مقامات پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔