پوری قوم دہشت گردوں کوشکست فاش دینے کا تہیہ کر چکی ہے، شہباز شریف

جمعرات 12 مارچ 2015 17:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ، انتہا پسندی او ر فرقہ واریت ملک کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انشاء اللہ پاکستانی قوم کی حمایت سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے ناسور کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ پاکستان کی قومی قیادت کے اتفاق رائے سے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور دہشت گرد ی و فرقہ واریت کے سدباب کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

پنجاب میں بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت تیز رفتاری سے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ صوبے میں ضروری قانون سازی کرکے سزاؤں کو سخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کوشکست فاش دینے کا تہیہ کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی جا ری ہے۔ ملک وقوم کی ترقی کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے۔

بہادرقوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی مثال نہیں ملتی۔ بے گناہ اور معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے سفاک درندے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ شہداء کا خون رنگ لائے گا او ر وطن امن وسلامتی کا گہوارہ بنے گا۔وزیراعلیٰ آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں ملک سلطان محمود ہنجرا، دانیال عزیز اورجاوید علی شاہ شامل تھے۔