ایم کیو ایم نے سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کیلئے مولانا غفور حیدری کی حمایت کا اعلان کردیا

جمعرات 12 مارچ 2015 17:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) ایم کیو ایم نے سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کیلئے مولانا غفور حیدری کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنماؤں طاہر مشہدی اور خوش بخت شجاعت نے مولانا غفور حیدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخابات کیلئے مولانا غفور حیدری ہمارے پاس تشریف لائے اور ہم اپنے قائد الطاف حسین ، کمیٹی اور کارکنوں کی طرف سے اعلان کرتے ہیں کہ ہم ان کی غیر مشروط حمایت کرینگے کیونکہ مولانا غفور حیدری شریف النفس انسان ہیں اور مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں ہم نہ صرف انہیں ووٹ دینگے بلکہ سپورٹ بھی کرینگے ۔

طاہر مشہدی نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے ان سے نظریاتی اختلافات ضرور ہیں تاہم مولانا غفور حیدری شریف الفنس انسان ہیں اور انتہا پسندی کی طرف ان کا رحجان نہیں ہے اور یہ کہ سینٹ میں جب بھی کوئی مسئلہ اٹھائینگے تو ہمیں امید ہے کہ مولانا ہماری حمایت کرینگے اس موقع پر مولانا غفور حیدری نے ایم کیو ایم کے آٹھ سینیٹرز ، قائد تحریک الطاف حسین سمیت پوری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں واقع مڈل کلاس کا آدمی ہوں پوری زندگی میری جدوجہد میں گزری ہے اور مارشل لاء کے دور میں کئی سال جیل میں بھی گزارے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے اور تمام ادارے اپنی حدود کے اندر رہ کر کام کریں اور جوکراچی میں صورتحال ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ سب جماعتوں نے آپریشن کی حمایت کی تھی تاہم گزشتہ روز نائن زیرو پر جو حملہ اور جو جانی نقصان ہوا وہ غلط تھا ضروری تھا کہ ایم کیو ایم کو اعتماد میں لیا جاتا کیونکہ ایسی چیزوں سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے

متعلقہ عنوان :