خانیوال،موٹر سائیکل ‘موبائل اور کیش چھیننے والا مختار عر ف مکھا گینگ کا سرغنہ اپنے 2ساتھیوں سمیت گرفتار۔

جمعرات 12 مارچ 2015 17:05

خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء)موٹر سائیکل ‘موبائل اور کیش چھیننے والا مختار عر ف مکھا گینگ کا سرغنہ اپنے 2ساتھیوں سمیت گرفتار۔ ملزمان سے خطرناک اسلحہ سمیت موٹر سائیکل ‘موبائل ‘کیش اور مویشی برآمد۔اس ضمن میں ڈی پی او آفس خانیوال سے جاری ایک سرکاری ہینڈ آؤٹ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے بین الاضلاعی مکھا گینگ کی کریمنل وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بارہ میل محمد اقبال حسین شاہ اور ڈی ایس پی کبیروالہ محمد اشرف کو اپنے دفتر طلب کرکے اس گینگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے لوگوں کے قیمتی مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیتے ہوئے ضروری گائیڈ لائن دیں۔

ڈی ایس پی کبیروالہ اور ایس ایچ او بارہ میل نے تھانہ کے محنتی اور قابل پولیس افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دیتے ہوئے کچھ خبری بھی مامور کیے ۔

(جاری ہے)

ٹیم نے اس گینگ کو گرفتار کرنے کیلئے شبانہ روز کوششیں شروع کردیں اور بالآخر گینگ کے سرغنہ کو 2ساتھی سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان نے دوران انٹروگیشن ا نکشاف کیا کہ وہ ملتان اور ضلع خانیوال کے 7تھانہ جات میں وارداتیں کرچکے ہیں اور ان کیخلاف تقریباً 41سے زائد مقدمات پہلے بھی درج ہیں ۔

گینگ کے سرغنہ مختار عرف مکھانے بتایا کہ اس کے کچھ ساتھی پہلے پولیس کیساتھ مقابلے میں مارے جاچکے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس خانیوال نے ملزمان سے چھینے گئے 2موٹر سائیکل ‘ 2موبائل ‘ کیش اور مویشی مالیتی 2لاکھ19ہزار روپے برآمد کرلیے ہیں جبکہ دوران واردات استعمال ہونے والا خطرناک اسلحہ جس میں 2کلاشنکوف‘1پسٹل30بور اور درجنوں گولیاں شامل ہیں بھی برآمد کرکے ناجائز اسلحہ کے تحت مقدمات کا اندراج کرلیا گیا ہے۔

ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس سے مزید انکشافات کی توقع ہے ۔ گرفتا ر ملزمان میں مختار عرف مکھا ولد شیر محمد قوم دھلانہ سکنہ موضع سلطان آباد سرغنہ اور اس کے2ساتھی قمر شہزاد عرف پھل قوم کھنڈوا سکنہ بستی حسین آباد کبیروالہ اور عبدالحفیظ ولد رفیق سکنہ ممدال نواں شہر شامل ہیں ۔گینگ کی گرفتاری پر معززین علاقہ نے ڈی پی او جہانزیب نذیر خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آئندہ بھی ایسے مجرمان کے خلاف اسی کارکردگی کی توقع کا اظہار کیا جبکہ ڈی پی او خانیوال نے گینگ کی گرفتاری پر مامور ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی سر ٹیفکیٹ دینے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔