سید بازل نقوی کی نومنتخب چیئرمین سینیٹر رضا ربانی کو مبارکباد

جمعرات 12 مارچ 2015 15:16

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء ) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے سینٹ کے نومنتخب چیرمین رضا ربانی کو مبارک باد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کی مضبوطی کے لیے سفر جاری رکھے گی ۔رضاربانی پیپلزپارٹی کے وفادارکارکن اور آصف علی زرداری کے سچے جانثار سپاہی ہیں۔

پیپلز پارٹی عوام کے دلو ں کی دھڑکن اور وفاق کی علامت ہے ۔بھٹو خاندان نے اپنے خون سے پارٹی اور ملک کی آبیاری کی ہے ۔ آصف علی زرداری نے پارٹی اور ملک کو مضبوط کیا ہے ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ رضاربانی نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور مضبوطی کے ساتھ جم کر کھڑے رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رضا ربانی کا بطور سینٹ چیئرمین انتخاب ہر نظریاتی کارکن کی فتح ہے ۔اس موقع پر انہوں نے سبکدوش چیئرمین سینٹ سید نیر بخاری کی خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ سیاسی جماعت ہے جس نے ہر مشکل وقت میں جمہوریت اور آئین کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی اور بے مثال قربانیاں دیں ۔

انہوں نے کہا کہ جیالے پیپلز پارٹی کا ہراول دستہ ہیں ۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کا وجود ہی ان لوگوں کے لئے ہے جن کو معاشرے میں ان کا جائز مقام نہیں مل سکا اور جو ظلم و ستم کا شکار ہیں اور جن کی آواز بالا ایوانوں میں نہیں پہنچ سکتی ۔انہوں نے کہا شہید قاید ذوالفقار علی بھٹو نے بھی انہی لوگوں کے لئے جدوجہد کی ،اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی پوری زندگی عوامی فلاح میں گزری ۔

انہوں نے واضع کیا کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور اور اپنے قائدین کے نظریات کے عین مطابق عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو پاش پاش کر دیا جائے گا ۔انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اپنے قائدین کے نظریات کے مطابق ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کر دیں ۔اس موقع پرکارکنون کی بڑی تعداد نے جیوے جیوے بازل جیوے کے فلک شگاف نعرے لگائے اورفضاء جئے بھٹو ،جئے بے نظیر اور جئے زرداری کے نعروں سے گونجتی رہی ۔

متعلقہ عنوان :