کسانوں نے یکم اپریل سے کھادکی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کومسترد کر دیا

جمعرات 12 مارچ 2015 14:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء)کسانوں نے کھادفیکٹریوں کی جانب سے یکم اپریل سے کھادکی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کومستردکرتے ہوئے کہاہے کہ اگرکھادفیکٹریوں نے کھادکی قیمت میں اضافہ کیاتوکھادفیکٹریوں کے سامنے احتجاجی دھرنے دیں گے اورزراعت کے شعبے میں کھادکے استعمال بندکرائیں گے۔ پاکستان میں پہلے ہی کھادکی قیمتیں بھارت میں کھادکی قیمتوں کے مقابلے میں دوگنی ہیں،زرعی مداخل کی قیمتوں میں اضافے کے مقابلے میں زرعی اجناس کی قیمتوں میں انتہائی کمی ہوئی ہے۔

کسانوں کوچاول، کپاس آلواورسبزیوں کی قیمت گذشتہ سال کے مقابلے میںآ دھی ملی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف شوگرملوں کی جانب سے گنے کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث کاشتکارپریشانی کاشکارہیں تودوسری طرف کھادفیکٹریوں نے کھادکی قیمتوں میں اضافے کااعلان کرکے کاشتکاروں کومزید پریشانی میں مبتلاکردیاہے، پاکستان کسان بورڈکے ضلعی صدرمیاں ریحان الحق ایڈووکیٹ نے کہاکہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھی کی ہڈی ہے جسے توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ، کاشتکاروں کامعاشی قتل برداشت نہیں کریں گے ،حکومتی پالیسیوں سے عوام تنگ آچکے ہیں کوئی شعبہ ایسانہیں جو حکومت سے پریشان نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت میں بیٹھے مل مالکان لاکھوں کسانوں کومعاشی قتل کر رہے ہیں مراعات یافتہ طبقے حکومت کوکوئی ایسی پالیسی نہیں بنانے دیتے جو عوام کے مفادات میں ہو۔انہوں نے کہاکہ محنت کسان کرتاہے مگراس کاپھل ساہوکاراورسرمایہ دارکھاتے ہیں یہ صریح ظلم ہے جس کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی انہوں نے کہاکہ حکومت فوری طورپر کسانوں کوریلیف دینے کے لئے کسان دوست پالیسیوں کااعلان کرے۔