فیصل آباد چیمبر کے ممبران کی 1000 سی سی سے بڑی گاڑیوں کو خصوصی سٹکر لگانے کا سلسلہ شروع ہوگیا

جمعرات 12 مارچ 2015 14:08

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کرنے والے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کی 1000 CC سے بڑی گاڑیوں کو خصوصی سٹکر لگانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے کہا ہے کہ ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے باوجود چیمبر کے ممبران کو سڑکوں پر روک کر ان کی چیکنگ کی جاتی تھی جس کی وجہ سے نہ صرف ان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا بلکہ ان کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی درخواست پر ڈائریکٹرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رانا انتخاب حسین نے ایک ذمہ دار افسر کی ڈیوٹی لگا دی ہے جو روزانہ فیصل آباد چیمبر میں بیٹھ کر ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کرنے والی گاڑیوں کیلئے خصوصی سٹکر جاری کریں گے جن گاڑیوں پر یہ سٹکر لگے ہونگے ان کو سڑکوں پر چیکنگ کیلئے نہیں روکا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیمبر کے ممبران سے کہا ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے فور ی طور پر چیمبر سے رابطہ کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے چیمبر کے پلیٹ فارم سے ممبران کو ای پولیس اسٹیشن کی سہولت کے علاوہ لرنر ڈرائیونگ لائسنس کیلئے میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے سرکاری ڈاکٹر بھی ہر جمعہ کو فیصل آباد چیمبر میں آکر میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :