ریٹائرمنٹ کا تعلق فارم سے نہیں ، یہ احساس کی بات ہے :کمار سنگاکارا

جمعرات 12 مارچ 2015 13:30

ریٹائرمنٹ کا تعلق فارم سے نہیں ، یہ احساس کی بات ہے :کمار سنگاکارا
ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12مارچ ۔2015ء )سری لنکا کے تجر بہ کار بلے باز کمار سنگا کارا کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ ورلڈ کپ میں میں اپنی شاندار کاکر دگی کے باوجود اس ٹورنامنٹ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے ۔ اس میچ کے بعد بات کرتے ہوئے 37 سالہ بلے باز نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا تعلق آپ کی فارم سے نہیں۔ یہ تو وقت، جگہ اور اس احساس کی بات ہے جو آپ کو درست لگتا ہے۔

‘ اس سوال پر کہ کیا ان کی موجودہ فارم انھیں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بدلنے پر مجبور کر سکتی ہے سنگاکارا کا کہنا تھا کہ’نہیں۔ یہ بات تو کبھی تھی ہی نہیں کہ میں کھیل سکتا ہوں یا نہیں۔ سنگاکارا نے کہا کہ انتہائی اعلیٰ درجے کی کرکٹ ان کے جسم پر اثرانداز ہونے لگی ہے۔ میں طویل عرصے سے بلے بازی اور وکٹ کیپنگ کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

اب میرے لیے یہ مشکل ہوتا جا رہا ہے اور میرے جوڑ درد کرنے لگے ہیں لیکن میں خود کو اس ٹیم کا رکن پا کر خوش قسمت محسوس کرتا ہوں۔

لگاتار چار سنچریوں کے عالمی ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے سری لنکن وکٹ کیپر نے کہا ریکارڈز معنی رکھتے ہیں۔ یہ وہ مخصوص اہداف ہوتے ہیں جن کا آپ تعاقب کرتے ہیں اور یہ مقصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بات صرف ان کے تعاقب کی نہیں۔ اگر آپ سب کام صحیح طریقے سے کرتے جائیں تو چیزیں خود بخود آپ کے لیے ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

کمارا سنگاکارا اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں پانچ سنچریاں بنا چکے ہیں اور انھیں سچن ٹنڈولکر کا چھ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے ایک تہرے ہندسوں کی اننگز درکار ہے۔ اسی ورلڈ کپ کے دوران سنگاکارا نے ایک روزہ کرکٹ میں 14 ہزار رنز بھی مکمل کیے ہیں اور وہ اس فہرست میں بھی تندولکر کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ سنگاکارا نہ صرف اس وقت ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں بلکہ انھوں نے ون ڈے میچوں میں لگاتار چار سنچریاں بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ انھوں نے اپنی چوتھی سنچری بدھ کو سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں بنائی۔