سبی کا تاریخی وثقافتی میلہ صوبے کے کلچر کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ، رحمت صالح بلوچ،

روایتی میلے کی بحالی کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی ، صوبائی وزیر صحت

بدھ 11 مارچ 2015 22:38

کوئٹہ ( ردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء )صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ سبی کا تاریخی وثقافتی میلہ صوبے کے کلچر کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔زندہ قومیں اپنے تہوار جوش وخروش سے مناتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی کے تاریخی میلے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی سہیل الرحمن بلوچ، ڈی پی او سبی محمد انور کھیتران، محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ محکمہ صحت اور مختلف محکموں کے آفیسران سمیت قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس روایتی میلے کی رونقیں بحال کرنا سول سوسائٹی، قبائلی عمائدین اور ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس روایتی میلے کی بحالی کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا ہے کہ ملک و صوبے کے مختلف حصوں سے مالدار بھاگناڑی و اعلیٰ نسل کے جانور لائے جاتے ہیں جن کی خرید و فروخت کی جاتی ہے اور انکے ذریعہ آمد ن میں اضافہ ہوتا ہے انھوں نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی قیادت میں صوبے کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر پڑھا لکھا ، صحت مند اور پر امن صوبہ بنانے کیلئے ہر ممکن موثر اقدامات کر رہی ہے انھوں نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو اور یہاں کے لوگ امن کی زندگی گزار سکیں۔

انھوں نے کہا ہے کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے گزارش ہے کہ اس روایتی میلے کی صحیح کوریج کر کے اس پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچا ئیں۔انھوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سبی میں چاکر اعظم یونیورسٹی کا افتتاح کر کے یہاں کے لوگوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے در وازے کھول دےئے ہیں اس موقع پر سبی سٹیڈیم میں فلاور شو ،نیزہ بازی ، گھوڑدوڑ، رسہ کشی ، جمپنگ، پہلوان شواور مختلف آئیٹمزپیش کئے گئے۔ آخر میں صوبائی وزیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔دریں اثنا صوبائی وزیر صحت نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔