پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کریں ،مولانا فضل الرحمن خلیل،

رینجرز نے نائن زیرو سے دہشت گردوں اور غیر قانونی اسلحہ پکڑ کر ثابت کیاہے کہ کراچی آپریشن غیرجانبداری سے جاری ہیطکراچی کا امن بلاتفریق آپریشن سے ہی ممکن ہوگا،سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم اور دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں ، بیان

بدھ 11 مارچ 2015 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء) انصار الامہ پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کریں ،رینجرز نے نائن زیرو سے دہشت گردوں اور غیر قانونی اسلحہ پکڑ کر ثابت کیاہے کہ کراچی آپریشن غیرجانبداری سے جاری ہے اورکراچی کا امن بلاتفریق آپریشن سے ہی ممکن ہوگااور کہاہے کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم اور دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز کراچی میں نائن زیرو پر رینجرز اہلکاروں کے چھاپہ ،مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری اور غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کے حوالے سے جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ پاک فوج ملکی سلامتی کی واحد امید ہے اور ملک بھر میں دہشت گردی ،شدت پسندی ،قتل و غارتگری ،بھتہ خوری اور انارکی کے خاتمہ میں پاک فوج کا کردار مثالی ہے جبکہ پوری قوم ملک میں امن کے لیے پاک فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے ملکی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی کی معاشی شہہ رگ اور منی پاکستان کہلانے والا روشنیوں کا شہر کراچی دہشت گردی ،بدامنی اور انارکی کا شکار ہوچکاہے اور کراچی کے امن کے لیے بلاتفریق اور غیر جانبدار آپریشن کی ضرورت ہے جسے رینجرز کے چھاپہ نے ثابت کیاہے کہ پاک فوج غیر جانبداری سے صرف اور صرف امن کے لیے آپریشن کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کو ختم کیا جائے اور شدت پسندی میں ملوث سیاسی جماعتیں ہوں یا مذہبی جماعتیں سب کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور ملک کے اندر بدامنی کے ذمہ داران کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے اور جن جماعتوں کے خلاف وطن عزیز کے خلاف ثبوت ہیں ان پر پابندی عائد کی جائے ۔

مولانا فضل الرحمن خلیل نے مزید کہاکہ قومی ایکشن پلان کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی تھی کراچی میں سیکورٹی فورسز کی کارروایاں اسی ایکشن پلان کا نتیجہ ہیں سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ اب ان کارروائیوں پر چیخ و پکارکی بجائے قانون نافذ کرنے والے ملکی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوجائیں تاکہ ملک میں امن قائم کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں جس طرح مذہب کے نام پر دہشت گردی کی گنجائش نہیں اسی طرح سیاست کے نام پر سیاسی دہشت گردی کی بھی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔