وزیراعلی پرویزخٹک کی جانب سے پولیس پر حملے کی مذمت،

پورے صوبے کے عوام کو خطرناک دہشت گردوں کیخلاف دلیرانہ مقابلے پر صوابی پولیس کے جوانوں اور افسروں پر فخر ہے ، پرویز خٹک

بدھ 11 مارچ 2015 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے منگل کے روز صوابی میں دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے سے شہید ہونے والے کانسٹیبل اور زخمی پولیس افسروں و اہلکاروں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شدت پسندوں کی کاروائی کی مذمت کی ہے اور اس کاروائی میں زخمی ہونے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں شدت پسندوں کے خلاف اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر جرات اور دلیری کا مظاہرہ کرنے پر وزیراعلیٰ نے شہید اور زخمی پولیس افسروں و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے صوبے کے عوام کو خطرناک دہشت گردوں کے خلاف دلیرانہ مقابلے پر صوابی پولیس کے جوانوں اور افسروں پر فخر ہے ۔ انہوں نے کانسٹیبل سید عظیم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ شہید سید عظیم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔

متعلقہ عنوان :