کراچی، الیکشن کمیشن ضمنی اور بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پرکراکے خود کو آزاد اور خودمختار ادارہ ثابت کرے، الطاف شکور

بدھ 11 مارچ 2015 18:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کراچی کے حلقہ NA-246 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پارٹی کے سینئر عہدیداران ، علاقائی ذمہ داران ، کارکنان اور عوام سے رائے طلب کرلی ہے۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی کے خواہاں عوام پاسبان کو امید کی کرن سمجھ کر ملک بھر سے رابطہ کررہے ہیں جن کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی پاسبان کو ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ کرایا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بلدیاتی الیکشن کی حتمی تاریخ دے کر عوام کی خواہشات کی ترجمانی کی ہے جس کا پاسبان خیرمقدم کرتی ہے اب الیکشن کمیشن آف پاکستان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ20 ستمبر کے مقررہ وقت پرآزادانہ اور شفاف بلدیاتی انتخابات کراکے خود کو ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ثابت کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور کراچی انتظامیہ حلقہ NA-246 کے ضمنی اورصوبہ بھر میں بلدیاتی انتخابات کوشیڈول کے مطابق صاف و شفاف طریقے سے منعقد کرانے کے لیے تمامتر اقدامات بروئے کار لائے ۔