گدون انڈسٹریل ا سٹیٹ ملک کی صنعتی ترقی میں اہم کر دارادا کر رہا ہے ،حکومت منصوبے کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کو مکمل طور پر فعال اور مستحکم بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بھروئے کار لارہی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالمنیم خان کا اجلاس سے خطاب

بدھ 11 مارچ 2015 17:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالمنیم خان نے کہا ہے کہ گدون انڈسٹریل ا سٹیٹ ملک کی صنعتی ترقی میں اہم کر دارادا کر رہا ہے اورحکومت اس کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کو مکمل طور پر فعال اور مستحکم بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بھروئے کار لارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں منگل کے روز پشاور میں گدون انڈسٹریل اسٹیٹ سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری صنعت ساجد خان جدون ،ڈائریکٹر صنعت اخونزادہ انور سعید اور گدون ایسوسی ایشن کے صدر ذاہد شاہ کے علاوہ دیگرمتعلقہ افسران و صنعت کار بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ بنانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے اپنی سفارشات اجلاس میں پیش کیں ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ جو صنعتیں بند ہیں اُن کے لئے ایک ماہ کا قانونی نوٹس دیا جائے اور جو کارخانے چالو حالت میں ہیں اُن کو مشینری کی ضروری مرمت کرنے کے لئے این او سی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ اُن کوکسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے تقریباً 4کلو میٹر روڈ کی تعمیراور اس کو جلد سے جلد بھاری گاڑیوں کے استعمال کے قابل بنانے کی بھی منظوری دی گئی ۔ معاو ن خصوصی نے کہا کہ گدون میں قائم کارخانوں کی حکومت بھرپور معاونت کرے گی کیونکہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ سے ہزاروں افرادکا روزگار وابستہ ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ جس مقصد کے لئے قائم کی ہے اس کے حصول کے لئے حقیقی طور پر اسے اصلی حالت میں بحال کیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی نئے صنعتی زون کے قیام کے لئے کاوشیں قابل تعریف ہیں ۔