کوئٹہ ،آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین کامطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہر ہ

بدھ 11 مارچ 2015 17:30

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء ) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین(سی بی اے)کے زیراہتمام اسلام آباد میں دو کارکنوں انصر ودود لائن مین اور انور زادہ ٹیسٹ اسسٹنٹ کو دوران ڈیوٹی بے دردی سے قتل کرکے لاشیں پھینکنے اور اس سے پہلے گوادر سب ڈویژن میں محمد ایوب بلوچ UDC کو ڈیوٹی کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کرنے اور آئے روز بجلی کے کرنٹ سے شہید ہونے والے کارکنوں کے قتل عام کو روکنے اور ان واقعات میں ملوث بااثر بجلی چوروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کیلئے ہزاروں کارکنوں نے پریس کلب اور بعد ازاں چیف ایگزیکٹو آفس زرغون روڈ میں مظاہرہ کیا۔

مظاہرین سے یونین کے مرکزی جائنٹ صدر و صوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی، سیکریٹری نشر و اشاعت سید آغا محمد اور فنانس سیکریٹری ملک محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے محنت کشوں کی زندگیوں کو تحفظ دینے کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا ہے ۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ آئے روز محنت کشوں کے قتل عام سے محنت کشوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ کمپن سیشن پیکج کیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کیا ہے اور کمپن سیشن پیکج کی منظوری کے باوجود نااہل کیسکو انتظامیہ عرصہ دراز سے چھ کارکنوں کی کمپن سیشن کی ادائیگی ، ان کے بقایا جات کی ادائیگی اور ان کے بچوں کی بھرتی میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ایماء پر واپڈا اور اس کی کمپنیوں کو نجکاری کے حوالے کرنے میں دلچسپی لینے کے علاوہ ادارے کی بہتری ،صارفین کی خدمات میں اضافے اور کارکنوں کی فلاح و بہبودپر توجہ نہیں دے رہی ہے۔

اور اسی عدم توجہی کی وجہ سے آئے روز آفیسران، انجینئرز اور کارکن قتل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ قتل عام میں ملوث افراد کوگرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دینے،کیسکو انتظامیہ شہید ہونے والے کارکنوں کو 25,25 لاکھ روپے معاوضے کی فوری ادائیگی کرنے،کارکنوں کی جانوں اور اثاثہ جات کی حفاظت کو یقینی بنانے ، کیسکو انتظامیہ کنٹریکٹ ملازمین کو فوری ریگولر کرنے ، پروموشن اپ گریڈ ایشن کے کیسز کوجلد نمٹانے، ملازمین کے بچوں کو بھرتی کرنے، کارکنوں کی بقایا جات اور کام کیلئے رقوم کو ریلیز کرنے، سال میں دو دفعہ آڈٹ کے ذریعے کرپشن کرنے کی بجائے ایک موثر آڈٹ کا نظام بنانے پر زور دیا۔

مقررین نے کہا کہ سی بی اے یونین انجینئرز اور آفیسرز کے ساتھ نجکاری کے خلاف اس لئے تحریک چلا رہی ہے کہ واپڈا اور اس کی کمپنیوں کو نجکاری سے محفوظ بناکر اس کے ذریعے عوام الناس کی خدمات میں اضافہ ہو۔ لیکن کیسکو کی موجودہ انتظامیہ نااہل ہے۔ اس لئے سی بی اے یونین نے اس نااہل انتظامیہ کے خلاف آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر آفیسروں کی جگہ جو نیئر آفیسروں کی تعیناتی آئے روز سفارش بااثر بجلی چوروں کے ایماء اور دوسرے ذرائع سے تبادلے کرنے کی وجہ سے میرٹ پامال ہے۔

اس وقت بعض بااثر آفیسران 10 سال سے زیادہ ایک پوسٹ پر تعینات اور بعض آفیسران دو مہینے تعیناتی کے بعد بار بار تبادلوں کا سامنا کر رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ واپڈا اور اس کی کمپنیوں کے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ مزدوروں نے عہد کیا ہے کہ اب ادارے میں نااہلیت اور کرپشن کی بیخ کنی کیلئے سی بی اے یونین اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ کیسکو میں اہل اور ایماندار چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کرکے کیسکو کو مزید تباہی سے بچائیں ۔

انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ کی ذمہ داری کیسکو انتظامیہ اور اس کے ایک غیر قانونی ترقی پانے والے منیجر کمرشل پر عائد ہوتی ہے اور اس سلسلے میں اسپیشل آڈٹ کے ذریعے تمام حقائق منظر عام پر لائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے شہیدوں کے پسماندگان تک 25,25 لاکھ روپے پہنچانے اور دیگر مطالبات کی منظوری کیلئے مطالبات کے حق میں مظاہروں کا بھی اعلان کیا۔