بھوک سے مرتی ہوئی عوام کو سینٹ انتخابات سے کوئی دلچسپی نہیں ،حلیم عادل شیخ

بدھ 11 مارچ 2015 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء)مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ہمارے جتنے بھی ووٹ تھے وہ فیصلہ کن ثابت ہوئے ہیں،ہمارے کھل کر ساتھ دینے کی بات کرنے سے دیگر جماعتوں کو بھی میدان میں آنا پڑا جبکہ سینٹ انتخابات میں وزیر اعظم کو پتہ تھا کہ وہ نمبرگیم ہارگئے ہیں اور وہ کسی بھی صورت جیت نہیں سکتے ہیں کیونکہ ان کے ووٹ کم تھے اسی وجہ سے انہوں نے ہم سے بھی کئی برسوں کے بعد رابطہ کیا ،ورنہ ان کی نیت کیا تھیں سب کو معلوم ہے ،سینٹ انتخابات میں عام آدمی کا کوئی لینا دینا نہیں ہوتا یہ بڑے لوگوں کی سیاست ہوتی ہے جو اس ملک میں ایک طویل عرصہ سے چل رہی ہے اسی وجہ سے لوگوں کو سینٹ انتخابات سے کوئی دلچسپی نہیں تھی، جس کہ وجہ یہ بھی ہے کہ عوام یہ بات اچھی طرح جان چکی ہے کہ سینٹ میں کسی بھی پارٹی کے ممبر بیٹھے ہو یا اس کا چیئرمین کوئی بھی بن جائے عام آدمی کے مسائل اپنی جگہ قائم رہتے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کواس کے ثمرات عام تک پہنچانے کی بھی بات کرنی چاہیے صرف اپنے اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہی جمہوریت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی نااہلیوں کی وجہ سے ملک میں ترقی اور معیشت زنگ آلود ہوتی جارہی ہے ،سینٹ میں نواز لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کی حمایت کرنا جہاں وزیراعظم صاحب کی مجبوریاں تھیں وہاں وہ اچھی طرح جانتے تھے کے وہ نمبر گیم ہارچکے ہیں اور یہ سب ان کی جماعت کی غلط بیانیوں کا تسلسل اور نتیجہ ہے، آئندہ انتخابات میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو ایک ہی سمجھا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا ہمارا دور سنہرادور تھا عوام اس بار ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروائے گی ۔

حکومت کی خواہش ہے کہ سینٹ سمیت ملک کا ہر ادارہ ان کی کسی بات پر اعتراض نہ کرے وہ چاہے ملک کا کوئی بھی ادارہ بیچے یا پاکستان کو برائے فروخت پر لگادے مگر انہیں کوئی نہ روکے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نواز لیگ نے غریب لوگوں کا بھرکس نکانے کافیصلہ کرلیا ہے،ملک میں چند خاندانوں کی اجارہ داری قائم ہے ان ہے کہ لیے ظہرانے دیئے اور لیے جاتے ہیں ملک میں برسراقتدار جماعتیں صرف اپنے مفادات کو تحفظ دینے میں مگن ہیں کسی کو عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی عوام اس وقت بھوک اور افلاس سے مررہی ہے ،ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں لاکھوں معصوم بچوں کو ایک وقت کا کھانا تک پیٹ بھرکر نہیں ملتا،وزیر اعظم اپنے پرتکلف ظہرانے میں اس بات کا زکر کرتے تو اچھا تھا انہوں نے یہ زکر اس لیے نہیں کیا کیونکہ ان کی نظر میں پاکستان کی غریب عوام کا ملک کے وسائل پر کوئی حق نہیں ہے ۔