باجوڑ ایجنسی میں پاکستان بیت المال سکول کی تعمیرو بحالی کا منصوبہ مکمل،کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس کرنل میر امیر علی نے نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا

بدھ 11 مارچ 2015 17:09

باجوڑ ایجنسی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء ) باجوڑ سکاؤٹس نے قبائلی طلباء کو تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تحصیل خار میں یتیم بچوں اور چائلڈ لیبر کیلئے قائم پاکستان بیت المال کی مکمل بحالی اور انہیں فرنیچرز کی فراہمی کا منصوبہ مکمل کرلیا ہے۔کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس کرنل میر امیر علی نے نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکا م، باجوڑ پریس کلب صدر حسبان اللہ خان ، بیت المال سکول کے پرنسپل علاؤ الدین ،سینئر ٹیچر عجب خان اور بچوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق باجوڑ سکاؤٹس نے تحصیل خارمیں قائم پاکستان بیت المال کے طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول اور سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اسکول میں چھ کلاس رومز اور برآمدے پر چھت ، تین واش رومز، باوٴنڈری وال اور برآمدے کی تعمیر وبحالی کاکام مکمل کیا۔

(جاری ہے)

اسکول کی مکمل تزئین و آرائش اور رنگ و روغن کے ساتھ ساتھ بجلی کا نظام بھی درست کرلیا گیا۔ اسی طرح اسکول کے طلباء کے بیٹھنے کیلئے60عدد ڈیسک، میزوکرسیاں، واٹر کولرز، وال کلاکس اور دیگرضروری سامان بھی فراہم کیا گیا جس سے ایک سو بیس طلباء اور ان کے اساتذہ کو بہتر سہولیات میسر آگئی ہیں۔ اساتذہ کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے بعد اسکول میں طلباء کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے جس سے علاقے میں شرح خواندگی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس کرنل میر آمیر علی نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملک کے بہترین شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر زندگی نامکمل ہے اور آپ تعلیم حاصل کرکے معاشرے کے کارآمد شہری بن کر ملک وقوم کا نام روشن کریں ۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا ۔کمانڈنٹ نے سکول کے بچوں میں کتابیں اور کھیل کھود کے سامان بھی تقسیم کی ۔

متعلقہ عنوان :