سرکاری گاڑیوں کی نیلامی شفاف طریقے سے کی جارہی ہے،مظفر سید

بدھ 11 مارچ 2015 16:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید نے سرکاری گاڑیوں کے نیلام کے طریق کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شفاف طریقے سے نیلامی کا مقصد سرکاری اخراجات میں بچت اور عوام کو کم خرچ پر گاڑی کی فراہمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نشتر ہال پشاور سے متصل کارپارک میں سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے کل 73گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش کیں ۔ پیش کی جانے والی گاڑیوں میں سرپلس ، ناکارہ اور سکریپ گاڑیاں شامل تھی ۔ نیلامی کی نگرانی ایڈمنسٹریشن ، فنانس ، ایکسائز اور ٹیلی کمیونیکیشن کے محکموں کے نمائندوں نے کی۔ گاڑیوں کی نیلامی قانونی تقاضے پورا کرنے کے بعد بولی کے زریعے کی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ نیلامی میں صرف اُن گاڑیوں کو فروخت کیا جاتا ہے جو یا تو استعمال کے قابل نہ ہویا جن کی مرمت پر زیادہ اخراجات آتے ہوں ۔

اُنہوں نے کہا کہ ایسی گاڑیوں کو وقفوں وقفوں سے نیلام کر کے سرکاری وسائل کی بچت کی کوشش کی جاتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ان گاڑیوں کو تمام قانونی کاروائی پورا کرنے کے بعد نیلامی کے لئے پیش کیا جاتا ہے ۔ اُنہوں نے بولی دہندگان کو یقین دلایا کہ خریدنے کے بعد ان گاڑیوں کے کاغذات میں کسی بھی مسئلے کی صورت حکومت پوری طرح ذمہ دار ہو گی ۔ اُنہوں نے نیلامی کے طریقہ کار کو کُھلا اور شفاف رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بولی دہندگان کی سہولت کو اولیت دینے کی ہدایت کی ۔