محکمہ نے پلان انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر وہاڑی میں دودھ کا کام شروع کیا جو کامیابی سے جاری ہے ‘ صوبائی وزیر کوآپریٹو

بدھ 11 مارچ 2015 16:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ محکمہ نے پلان انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر وہاڑی میں دودھ کا کام شروع کیا جو کامیابی سے جاری ہے اس کو مزید 8اضلاع مظفرگڑھ، لیہ، سرگودھا، بھکر، خوشاب ، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان تک وسعت دی جا رہی ہے، کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹیز کو صوبہ بھر میں مزید فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ تحریک امداد باہمی کو صوبہ بھر میں اصل روح کے مطابق پروان چڑھایاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیاں محکمے کے ماتھے کا جھومر ہیں جہاں ہر قسم کی سرمایہ کاری اور رہائشی سہولیات کسی بھی بین الاقوامی معیار سے کم نہیں ہیں اور یہاں پر زمینیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ہر قسم کی انسپکشن باقاعدگی سے ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ اور الیکشن کا بروقت انعقاد ان کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹیوں کا طرہ امتیاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ جن سوسائٹیوں نے الیکشن اور آڈٹ کرانے میں کسی بھی قسم کی حیل و حجت کا مظاہرہ کیا تو ان کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں جبکہ بائی لاز پر عمل درآمد نہ کرنے والی سوسائٹیوں کے خلاف بھی سخت اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو بنک قرضہ جات کے اجراء اور بروقت وصولی باقاعدگی سے کر رہا ہے جبکہ مختلف سکیموں کے ذریعے قرضہ جات کا بھی اجرا کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی بنک بائیوگیس پلانٹس، لائیوسٹاک، فیڈنگ، خواتین انڈسٹریل کوآپریٹوز، موبائل ملک چیلر اور رورل فنانس کے تحت بھی قرضہ جات کا اجراء کر رہا ہے۔