کسی کو بھی اجازت نہیں وہ اپنے کاروبار کی آڑ میں آبی آلودگی و ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کا باعث بنے‘ کمشنر لاہور

بدھ 11 مارچ 2015 16:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ہدایت کی ہے کہ چمڑہ رنگنے والی فیکٹریوں سے خارج ہونے والے کیمیائی مادوں سے آلودہ پانی کے باعث ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے مکمل طور پر فعال ہونے کو باقاعدگی کے ساتھ چیک کیا جائے اور واضح ہدایات کے باوجود آلودہ پانی خارج کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دورے کے دوران قصور کی ایک چمڑہ رنگنے کی فیکٹری کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اجازت نہیں کہ وہ اپنے کاروبار کی آڑ میں آبی آلودگی و ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کا باعث بنے۔ انہوں نے فیکٹری میں زہریلے کیمیائی مادوں سے آلودہ پانی کے ٹریٹمنٹ کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں کمشنر لاہور ڈویژن نے ضلع قصور کے ڈی پی ایس سکول کے سیکورٹی انتظامات کا بغور جائزہ لے کر موقع پر ہدایات جاری کیں۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے قصور میں بائیو ڈائیورسٹی پارک میں جمنیزیم کی تعمیر اور چڑیا گھر کے قیام کے لیے جائزہ اجلاس کے دوران ان کو جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے احکامات جاری کیے ۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال قصور کی ایمرجنسی و چلڈرن وارڈ کا خصوصی طور پر دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات اور بچوں کی نگہداشت کے حوالے سے وہاں پر موجود مریضوں و والدین سے بات چیت کرکے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل کے دورے کے دوران ڈی سی او قصور، اے ڈی سی قصور، ای ڈی او ہیلتھ قصور و دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :