نئی دہلی، سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں کول فیلڈ بدعنوانی کیس کی سماعت ،منموہن سنگھ کو8 اپریل کو طلب کرلیا

بدھ 11 مارچ 2015 14:21

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے کول فیلڈ بدعنوانی کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ملزم نامزد کرتے ہوئے 8 اپریل کو عدالت میں طلب کرلیا،دوسری جانب مقدمے میں ملزم نامزد کئے جانے پر منموہن سنگھ نے کہا کہ یہ سب زندگی کا حصہ ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے نام سمن بھیج دیا ہے ۔

(جاری ہے)

منموہن سنگھ کے علاوہ صنعتکار کمار منگلم برلا، سابق کوئلہ سیکرٹری پی سی پرکھ اور تین دیگر افراد کو بھی اس معاملے کا ملزم قرار دیتے ہوئے سمن بھیجا گیا ہے۔سی بی آئی عدالت نے ان پر مجرمانہ سازش تیار کرنے، دھوکہ کرنے، اور بدعنوانی کے خلاف قانونی دفعات کے تحت نوٹس ارسال کیا ہے۔کانگریس رہنماء منیش تیواڑی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ قانونی کم اور سیاسی زیادہ ہے جبکہ ماحولیات کے مرکزی وزیر پرکاش نے کہا ہے کہ عدالت کا فیصلہ یو پی اے کی پچھلی حکومت کی غلط پالیسیوں کو ثابت کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات نہایت حیران کن ہے کہ کوئلے کی کانیں من مانے طریقے سے تقسیم کی گئی تھیں، کسے کیوں دی گئیں اور کسے کیوں نہیں اس کی کوئی دستاویزی بنیاد نہیں تھی۔

متعلقہ عنوان :