محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے کارپٹ ویکسین مہم آخری مراحل میں داخل ساہیوال ،لیہ،راجن پوراورجہلم کے اضلاع میں شروع

بدھ 11 مارچ 2015 13:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی محکمہ لائیوسٹاک ارشد جٹ نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی ہدایت پرپنجاب کے 32اضلاع میں کارپٹ ویکسینیشن مکمل کی جاچکی ہے اوراب آخری مرحلہ میں ساہیوال،لیہ، راجن پوراورجہلم کے اضلاع میں گھرگھرجاکر جانوروں اور پرندوں میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کارپٹ ویکسینیشن مہم کاآغاز کیاجاچکاہے۔

اس مہم سے جہاں حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جارہے ہیں وہیں جانوروں کے اعدادشماربھی اکٹھے کئے جارہے ہیں۔ان اضلاع میں گل گھوٹو،انتڑیوں کازہراوررانی کھیت کے ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں مویشی پال حضرات، نمبردار،امام مسجد اورکریانہ سٹور والوں کے ٹیلی فون نمبرز اورشناختی کارڈ نمبرز بھی لیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کو ٹیلی فون کی مفت سم بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ محکمہ اور ان حضرات میں باہمی رابطہ کوفروغ دیاجاسکے اور جانوروں سے متعلقہ امور میں محکمہ ان حضرات کی رہنمائی کرسکے۔

اس سلسلہ میں عاشق حسین ڈوگر ایڈیشنل سیکرٹری لائیوسٹاک اورڈاکٹرعثمان سٹاف آفیسرسیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کی زیر نگرانی ضلع ساہیوال میں اس مہم کاآغاز کیاگیا۔معاون خصوصی ارشد جٹ نے اس موقع پر مویشی پال حضرات اور علاقے کے ایم پی اے اورایم این اے کو سٹاف کے ساتھ ملکر ویکسین کی مہم کو سرانجام دینے کے لیے ہرممکن تعاون کرنے کوکہا ہے۔

محکمہ کے افسران سوفیصد ہدف کے حصول کے لیے ان اضلاع میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ سوفیصد ویکسین مکمل کی جاسکے۔ اس مہم کی تشہیر کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن کی جانب سے موبائل گاڑیوں پرآویزاں کرنے کے لیے پینافلیکسز اوریونین کونسل کی سطح پربھی پینافلیکسز فراہم کئے جاچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جانوروں کاڈیٹا اکٹھاکرنے کے لیے مجوزہ فارم بھی بڑی تعداد میں فراہم کئے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ ان 4اضلاع کی موبائل تشخیصی لیبارٹریز ہر گاؤں کی سطح پر دودھ ، خون، گوبر کے نمونہ جات اکھٹے کر کے موقع پر ہی تشخیصی سروسز مہیا کررہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :