فیصل آباد، پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے تین نوجوانوں کے ورثاء کا احتجاج رنگ لے آیا‘ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر فیصل آباد پولیس نے ایس ایچ او سمیت بارہ پولیس ملازمین کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا

منگل 10 مارچ 2015 23:38

فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) پولیس مقابلے میں جن تین نوجوانوں کو ہلاک کیا گیا تھا ان کے ورثاء کا احتجاج رنگ لے آیا‘ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر فیصل آباد پولیس نے ایس ایچ او سمیت بارہ پولیس ملازمین کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ ”آن لائن“ کے مطابق پولیس تھانہ صدر نے گذشتہ روز فیصل آباد کے محلہ الٰہی آباد کے تین نوجوانوں جہانزیب‘ علی حیدر اور دلاور کو ان کے گھروں سے چوری کے شبے میں پکڑ کر اپنے ساتھ لے گئی بعدازاں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کیساتھ مک مکا کرنے کی کوشش کرتی رہی مگر ناکامی کے بعد پولیس نے ان تینوں کو فیصل آباد سے پندرہ کلومیٹر دور روشن والی جھال بائی پاس روڈ پر ایک جعلی پولیس مقابلہ بناکر ہلاک کردیا۔

پولیس نے ان پر الزام عائد کی کہ یہ تینوں ڈاکو تھے اور راہ گیروں کو لوٹ رہے تھے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز مقتولین کے ورثاء نے تینوں کی میتیں رکھ کر ستیانہ روڈ پر پولیس کیخلاف احتجاج کیا اور توڑ پھوڑ کی اور پولیس پر الزام عائد کیا پولیس نے رشوت نہ ملنے پر ان کے نوجوانوں لڑکوں جن کی عمریں پندرہ سے بیس سال ہے‘ کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا چنانچہ اس چھ گھنٹے کے احتجاج کے بعد وزیراعلی پنجاب نے فوری طور پر متعلقہ پولیس ملازمین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا چنانچہ پولیس نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او یوسف شہزاد‘ انچارج پولیس چوکی طارق محمود اور دیگر دس ملازمین کیخلاف قتل‘ حبس بے جاء کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فیصل آباد پولیس کے ایک سابق ایس ایچ او رانا فرخ وحید جوکہ جعلی پولیس مقابلہ بناکر بندے مارنے کے ماہر سمجھے جاتے تھے‘ انہوں نے اب فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او تعیناتی کے دوران تیس سے زائد افراد کو پولیس مقابلہ بناکر ہلاک کردیا تھا۔ گذشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ راہنماء اور سابق ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی فیصل آباد چوہدری محمد اصغر بھول کو اچانک رات کے وقت اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا‘ جب اعلی سطح پر تحقیقات کے دوران بعض افراد کو حراست میں لیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کے قتل میں بھی فیصل آباد کے سابق ایس ایچ او رانا فرخ وحید ملوث ہیں اور انہوں نے رکھے ہوئے پیشہ ور قاتلوں سے چوہدری اصغر بھولا کو قتل کرایا۔

ایس ایچ او رانا فرخ وحید اچانک فیصل آباد سے روپوش ہوگئے اور اب معلوم ہوا ہے کہ وہ فیصل آباد سے فرار ہوکر لندن میں پناہ لئے ہوئے ہیں جبکہ ان کی غیر حاضری کی بناء پر سی پی او فیصل آباد نے انہیں معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ رانا فرخ وحید کو ایک حکومتی پارٹی کے سرکردہ راہنماء کی مکمل سرپرستی اور حمایت حاصل ہے۔