میرپورخاص ڈویژن میں باردانہ سینٹر قائم کرنے کیلئے ضلع اور تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائینگی ،ایڈیشنل کمشنر میرپور خاص

منگل 10 مارچ 2015 23:27

میرپورخاص( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء)ایڈیشنل کمشنر Iمیرپورخاص سید نورمحمد شاہ نے کہا ہے کہ میرپورخاص ڈویژن میں باردانہ سینٹر قائم کرنے کیلئے ضلع اور تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائینگی اور تمام سینٹر قریب قریب فاصلے پر قائم کئے جائینگے تا کہ چھوٹے کاشتکار باآسانی باردانہ حاصل کرسکیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے باردانہ سینٹر کے قیام کے متعلق دربار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ مخدوم عقیل الزماں ، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سکندر علی خشک، ایڈیشنل ڈائریکٹر فوڈ خالد قائم خانی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت یارمحمد خاصخیلی، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ میرپورخاصد سلیم اللہ صدیقی، سندھ آباد بورڈ کے ڈاکٹر اشو ک، صدر سندھ چیمبر آف ایگریکلچر میرپورخاص انور خان اور ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر نے مزید کہا کہ باردانہ پالیسی کے تحت ہی شفاف اور منصفانہ طور پر باردانہ تقسیم کیا جائے گا اس سلسلے میں مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائینگی ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ میرپورخاص نے بتایا کہ اس سال ڈویژن بھر میں 16لاکھ 90ہزار باردانہ تقسیم کرنے کا ٹارگیٹ ہے جس میں عمرکوٹ میں 2لاکھ 25ہزار، سانگھڑ 12لاکھ 11ہزار اور میرپورخاص ضلع میں 2لاکھ 62ہزار بادانہ تقسیم کرنے کا ٹارگیٹ شامل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ضلع سانگھڑ میں 44،میرپورخاص میں 25اور عمرکوٹ ضلع میں 25باردانہ سینٹر قائم کئے گئے ہیں ۔