خواتین کے تحفظ کے لئے قوانین کو فعال بنانے اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،فواد اسحاق،

اسلام نے عورت کو عزت و احترام اور وراثت کے حق سمیت تمام بنیادی حقوق دیئے ہیں، خواتین کیساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے سے ملک معاشرتی اور سماجی اعتبار سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا،،صدر خیبرپختونخوا چیمبر

منگل 10 مارچ 2015 23:19

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے خواتین کے تحفظ کے لئے قوانین کو فعال بنانے اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اسلام نے عورت کو عزت و احترام اور وراثت کے حق سمیت تمام بنیادی حقوق دیئے ہیں۔ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے سے ملک معاشرتی اور سماجی اعتبار سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو ممبر ہمافیاض کی جانب سے وویمن ڈے کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرخیبر پختونخوا چیمبر کے نائب صدر حاجی اقبال خان  ایگزیکٹو ممبران عابد اللہ یوسفزئی  محمد اشتیاق اور ملک افتخار احمد اعوان  صدر گل اور فیض رسول سمیت کاروبار اور مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا جا رہا اور بہت سے شعبوں میں انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عورت ایک ماں  بہن اور بیٹی کے روپ میں اللہ تعالیٰ کی رحمت کا ایک شاہکار نمونہ ہے اور اس جدید اور ترقیافتہ دور میں خواتین تعلیم  وکالت  میڈیکل  انجینئرنگ اور عدلیہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھا رہی ہیں۔

انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا کی بزنس خواتین کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ان نامساعد حالات میں اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے قوانین کو مزید فعال بنایا جائے اور ان قوانین پر عملدرآمد کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے نائب صدر حاجی اقبال خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ خواتین نہ صرف پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہی ہیں۔ تقریب سے ہما فیاض اور دیگر خواتین نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :