معاشرتی و سماجی برائیوں سے بچانے کیلئے کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، سیکرٹری سپورٹس محمد شعیب گولہ

منگل 10 مارچ 2015 23:13

#کوئٹہ ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء )سیکرٹری سپورٹس محمد شعیب گولہ نے کہا ہے کہ ایک صحت مند نوجوان ہی ایک صحت مند معاشرے کو جنم دے سکتا ہے اور صحت کو قائم رکھنے اور خصوصاً نوجوانوں کو معاشرتی و سماجی برائیوں سے بچانے کیلئے کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالا ت کا اظہار آج انہوں نے نصیر آباد ڈویژن میں دوسرا بلوچستان فیسٹول کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

سیکرٹری سپورٹس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کھیلوں کے صحت مندانہ فروغ اور نوجوانوں کی تفریح طبعہ کیلئے مزید کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ملکی سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے مستحق اور باحوصلہ کھلاڑیوں کی سرپرستی کی جائے گی اور انہیں جدید خطوط پر تربیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سپورٹس فنڈ ایک کروڑ 60لاکھ سے بڑھا کر 10کروڑ کردیا ہے اس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ وہ کھیلوں کے فروغ کیلئے کس قدر دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو ڈویژن لیول تک بڑھایا جائے انشاء الله مستقبل میں ضلعی سطح پر کھیلوں کے انعقاد کو ممکن بنایا جائے گا ۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں آرگنائزنگ کمیٹی سپورٹس آفیسران کو اس قدر شاندار نظم و ضبط سے کھیلوں کے انعقاد پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ کیلئے اسی طرح کام کرتے رہیں گے ۔