وزیراعظم نوازشریف آصف زرداری کے عشائیے سے کھانا کھائے بغیر روانہ

منگل 10 مارچ 2015 23:09

وزیراعظم نوازشریف آصف زرداری کے عشائیے سے کھانا کھائے بغیر روانہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی تاہم وہ کھانا کھائے بغیر روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم نوازشریف وفاقی وزرا پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق اور عبدالقادر بلوچ کے ہمراہ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے دیئے گئے عشائیے پر زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں آصف زرداری سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا جب کہ عشائیے میں مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت حسین،مشاہد حسین سید، اسفند یار ولی، ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی،رؤف صدیقی، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف، سینیٹ کے نامزد چیرمین رضا ربانی سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی شریک تھے تاہم جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی جانب سے سابق صدر کے ظہرانے میں شرکت نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے زرداری ہاؤس میں سیاسی رہنماؤں سے مصافحہ کیا اور اس دوران خوشگوار ماحول میں گفتگو کے ساتھ چیرمین سینیٹ کی افہام و تفہیم سے نامزدگی پر مبارکباد کے پیغامات بھی دیئے گئے، اس موقع پر موجود سیاسی رہنماؤں نے رضا ربانی کو چیرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی جب کہ عشایئے میں مہمانوں کی تواضع سیخ کباب، مٹن پالک، چکن اچاری، مچھلی، وائٹ چکن اور گاجر کے حلوے سے کی گئی تاہم وزیراعظم عشائیے سے کھانا کھائے بغیر ہی روانہ ہوئے۔

متعلقہ عنوان :