بلوچستان میں مسلم لیگ ق اور ن کا پہلے اتحاد تھا ، آئندہ بھی رہے گا، میر عبدالکریم نوشیروانی

منگل 10 مارچ 2015 23:07

کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء ) مسلم لیگ (ق) کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ق) اور (ن) لیگ کا پہلے بھی اتحاد تھا اور آئندہ بھی اتحاد برقرار رہے گا اور ہم ایک مثالی اتحاد کو فروغ دیں گے اور ملکر بلوچستان کے حقوق کیلئے جدوجہد کریں گے یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا یہ بیان کہ (ق) لیگ نے سینٹ میں الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے اُمیدواروں کا ساتھ نہیں دیا سراسر غلط ہے مسلم لیگ (ق) کی صوبائی قیادت نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اقلیت ،خواتین اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے نامزد اُمیدواروں کو ووٹ دیں گے اس فیصلے کی مکمل پاسداری کی گئی اور قلیت ،ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشست پر (ق) لیگ نے ووٹ دیئے اور (ن) لیگ کے اُمیدواروں کو کامیاب بنایا حالانکہ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سینٹ الیکشن کے موقع پر کوئٹہ میں قیام کے دوران الگ سے ایک بھی میٹنگ (ق) لیگ کے اراکین سے نہیں کی اور نہ ہی انہیں کسی بھی فیصلے پر اعتماد میں لیا ان کے اس رویئے کے باوجود پارٹی کے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل نے جنرل نشست پر اور دیگر اراکین نے اقلیت ،ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے نامزد اُمیدواروں کو ووٹ دیئے انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے اس بیان سے ہمیں دلی رنج ہوا ہے انہیں یہاں سے اسلام آباد جا کر ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا مسلم لیگ (ق) آج بھی نواب ثناء الله زہری کی قیادت میں (ن) لیگ کے ساتھ ایک مضبوط اتحادی جماعت کے دور پر ہے اور وہ (ن) لیگ کا ہر موقع پر بھرپور ساتھ دے گی۔

متعلقہ عنوان :